اسلام آباد: ملک میں نوول کورونا وائرس کے پیش نظر سخت حفاظتی اقدامات اپناتے ہوئے وفاقی سیکریٹریٹ میں شہریوں کا داخلہ مکمل طور پر بندکر دیا گیا۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 22 ہو گئی ہے جن میں سے کراچی سمیت سندھ بھر میں 16،گلگت بلتستان میں 3، اسلام آباد میں 2 جب کہ کوئٹہ میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔
حکومت پاکستان کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ہر ممکن حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں جس کے تحت ائیرپورٹس پر اسکریننگ کا عمل بھی جاری ہے۔
حفاظتی اقدامات کے تحت سندھ اور بلوچستان میں تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے ہیں۔
ایسے میں وفاقی سیکریٹریٹ میں شہریوں کے داخلے پر بھی مکمل طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
پابندی کے باعث ویزے میں توسیع کے لیے وزارتِ داخلہ آنے والے غیر ملکیوں کو مشکلات کا سامنا ہو رہا ہے۔
غیر ملکی شہریوں نے حکومت پاکستان سے درخواست کی کہ ہمارے ویزوں کی معیاد ختم ہو چکی ہے لہذا اس مسئلے کا حل نکالا جائے۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس کے باعث مختلف ممالک میں غیر ملکیوں کے لیے سرحدوں اور ائیرپورٹس پر سفری پابندی بھی عائد کی جا چکی ہے۔
علاوہ ازیں متاثرہ ممالک میں کانفرنسز سمیت کھیلوں کی سرگرمیاں اور اہم ایونٹس منسوخ کیے جا رہے ہیں، اس کے علاوہ اسکول اور دفاتر بھی بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔