کورونا وائرس کے باعث متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں رواں سال اکتوبر سے شروع ہونے والی انٹرنیشنل دبئی ایکسپو 2020 کو ایک سال تک ملتوی کردیا گیا۔
دبئی ایکسپو کا آغاز رواں برس اکتوبر سے ہونا تھا اور یہ ایکسپو نمائش کم از کم 6 ماہ تک جاری رہتی اور اس میں پاکستان سمیت دنیا کے 130 سے زائد ممالک کی سرکاری کے اداروں سمیت نجی کاروباری اداروں کے اسٹال لگائے جانے تھے۔
دبئی ایکسپو کو یورپی ملک فرانس کے عالمی ادارے بیورو انٹرنیشنل ڈیس ایکسپوزیشن (بی آئی ای) کے تحت منعقد کیا جانا تھا، یہ ادارہ دنیا کے مختلف ممالک میں ہر چند سال بعد انٹرنیشنل ایکسپو کا انعقاد کرتا ہے۔
دبئی ایکسپو کی میزبانی ملتے ہی متحدہ عرب امارات کی حکومت نے ایکسپو کو کامیاب بنانے اور اسے اچھوتا بنانے کے لیے اربوں ڈالر کی سرمایہ کرکے تعمیراتی کام کا آغاز کیا تھا اور اب ایکسپو سینٹرز کی تعمیر مکمل ہوچکی تھی، تاہم کورونا کے باعث معاملات پیچیدہ ہوگئے۔
کورونا وائرس کے باعث متحدہ عرب امارات کی حکومت نے جہاں ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کرتے ہوئے دیگر تمام تفریحی سرگرمیوں کو بھی معطل کردیا تھا، وہیں یو اے ای کی حکومت نے ایکسپو انٹرنیشنل بیورو کو دبئی ایکسپو کو ایک سال تک مؤخر کرنے کی اپیل کی تھی۔
متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے گزشتہ ماہ اپریل کے آغاز میں عالمی ادارے کو درخواست کی گئی تھی کہ دبئی ایکسپو 2020 کو ایک سال تک ملتوی کردیا جائے اور اب آئی بی ای نے اس کی منظوری دے دی۔
عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق انٹرنیشنل ڈیس ایکسپوریشن نے متحدہ عرب امارات کی حکومت کی درخواست پر کورونا کے باعث دبئی ایکسپو کی نمائش ایک سال تک ملتوی کردی۔
عالمی تنظیم کے مطابق اب دبئی ایکسپو اکتوبر 2020 کے بجائے اکتوبر 2021 میں شروع ہوگا۔
تنظیم کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کے باعث لوگوں کی زندگی اور صحت کو خطرے میں نہیں ڈالا جا سکتا، ایکسپو کا مقصد انسانیت کی فلاح و بہبود ہے، اس لیے اب دبئی ایکسپو اگلے سال اکتوبر سے شروع ہوگا۔
واضح رہے کہ دبئی ایکسپو کے لیے متحدہ عرب امارات کی حکومت نے ریاست ابو ظہبی اور دبئی کے درمیان 11 کلو میٹر کے رقبے پر پھیلی زمین پر اسٹیٹ آف دی آرٹ عمارتیں تعمیر کی ہیں اور ان میں دنیا کی سب سے بڑی شمسی توانائی کی انسٹالیشن کی گئی ہے اور دبئی ایکسپو کے افتتاح کے دن ہی دنیا کے سب سے بڑے اسی شمسی توانائی کے منصوبے کا آغاز بھی ہوگا۔
اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سے تعمیر کی جانے والی ان عمارات میں بیک وقت 4 لاکھ افراد تک چہل قدمی کر سکتے ہیں جبکہ ایکسپو منتظمین کو اُمید ہے کہ نمائش شروع ہونے سے لے کر اس کے اختتام تک 6 ماہ کے دورانیے مین ڈھائی کروڑ لوگ ایکسپو سینٹر آئیں گے۔
دبئی ایکسپو کو عرب دنیا میں سب سے بڑی نمائش کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے اور مذکورہ نمائش میں تقریبا تمام عرب ممالک سمیت درجنوں اسلامی ممالک کی حکومتوں کے ادارے بھی اپنے اسٹال لگائیں گے، علاوہ ازیں تمام ممالک کے نجی کاروباری ادارے بھی اپنے اسٹال لگائیں گے۔