کورونا کیسز میں اضافہ: لاہور کے 55 مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤن


پنجاب پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے ایک کروڑ 10 لاکھ آبادی پر مشتمل صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف مقامات پر ’اسمارٹ لاک ڈاؤنز‘ نافذ کردیے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے یہ اقدام حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے لاہور میں ہونے والے عوامی جلسے سے چند روز قبل اٹھایا گیا، جو 13 دسمبر بروز اتوار کو شیڈول ہے۔

جن علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ان کی نشاندہی کووڈ 19 کے ہاٹ اسپاٹس کے طور پر ہوئی تھی۔

یہ قدم ایسے وقت میں سامنے آیا جب ایک روز قبل محکمہ صحت پنجاب نے اپیکس کمیٹی پنجاب کے اجلاس میں بتایا تھا کہ کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال ویسی جون کی طرح کی ہی ہے جب صوبے میں انفیکشن اپنے عروج پر تھا۔

اسمارٹ لاک ڈاؤنز سے متعلق جاری نوٹی فکیشن میں محکمہ صحت نے کہا کہ گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران صوبے میں کووڈ 19 کے پھیلاؤ اور مثبت شرح میں مسلسل اضافہ ہوا ہے جس نے عوام کی صحت کو سنگین خطرات لاحق کردیے ہیں۔

اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے لاہور کے داتا گنج بخش ٹاؤن، شالیمار ٹاؤن، سمن آباد، عزیز بھٹی ٹاؤن اور علامہ اقبال ٹاؤن میں 55 مقامات پر 21 دسمبر تک اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرتے ہوئے ’داخلی اور خارجی راستوں کو محدود‘ کردیا گیا۔ محکمہ صحت کی جانب سے ہدایات تب دیکھنے میں آئیں جب 11 اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومںٹ (پی ڈی ایم) اتوار 13 دسمبر کو لاہور میں حکومت مخالف جلسہ کرنے جارہی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ان علاقوں میں تمام مارکیٹیں، شاپنگ مالز، ریسٹورینٹس، (سرکاری و نجی) دفاتر بند رہیں گے۔

اس کے علاوہ ان علاقوں میں سرکاری اور نجی ٹرانسپورٹ کے ذریعے لوگوں کی نقل و حمل پر مکمل پابندی ہوگی، صرف انتہائی ضرورت کے وقت ایک شخص کو ایک گاڑی میں آنے اور جانے کی اجازت ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ علاقوں میں کہیں بھی سرکاری و نجی سطح پر سماجی، مذہبی یا کسی دیگر تقریبات پر مکمل پابندی بھی ہوگی۔

علاوہ ازیں کریانے، پھلوں اور سبزیوں کی دکانیں، تندور اور پیٹرول پمس کو ہفتے میں ساتوں دین صبح 9 سے شام 7 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔

مزید یہ تمام طبی خدمات، فارمیسیز، لیبارٹریز، کلینکس اور ہسپتال ہفتے میں ساتوں دن 24 گھنٹے کھلے رہ سکیں گے جبکہ دودھ اور گوشت کی دکانوں کو صبح 7 سے شام 7 تک کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی۔

واضح رہے کہ صوبے میں اب تک کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 24 ہزار 191 ہے جس میں سے 3 ہزار 218 انتقال کرچکے ہیں۔

صرف لاہور کی بات کریں تو یہاں اب تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 60 ہزار 755 ہے اور 7 دسمبر کو شہر میں 149 کیسز اور 13 اموات رپورٹ ہوئیں۔

اس کے علاوہ اب تک صوبائی دارالحکومت میں ایک ہزار 282 مریض وہاں انتقال کرچکے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت آرہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 89 افراد اس وائرس سے انتقال کرگئے جو 4 جولائی کے بعد سے ملک میں یومیہ اموات کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں