کورونا کا خوف؛ مایا علی کی گھر کی صفائی کرتے ہوئے ویڈیو وائرل


کراچی: اداکارہ مایا علی نے کورونا وائرس کے خوف کے پیش نظر گھر کی صفائی کرتے ہوئے ویڈیو شیئر کی ہے جب کہ لوگوں کو بھی خود کو صاف ستھرا رکھنے کی تاکید کی ہے۔

دنیا بھر میں پھیلنے والے مہلک اور جان لیوا کورونا وائرس کے خطرے کے پیش جہاں عوام کو حکومتی سطح پر احتیاط برتنے کی تاکید کی جارہی ہے، وہیں فنکار بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے لوگوں کو ماسک پہننے، ہاتھ دھونے اور احتیاطاً لوگوں سے دور رہنے کا پیغام دیتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

اداکارہ مایا علی نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ اپنے گھر کی مکمل طور پر صفائی کرتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ سوئچ بورڈ، سیڑھیوں کی ریلنگ اور دروازے کے لاک سمیت گھر کی ان چھوٹی چھوٹی چیزوں کو بھی صاف کررہی ہیں جن پر عموماً لوگوں کا دھیان نہیں جاتا۔

مایا علی نے اس ویڈیو کے ساتھ ایک پیغام بھی لوگوں کے ساتھ شیئر کیا ہے۔ انہوں نے لکھا آئیں اپنے گھر سے شروعات کرتے ہیں، دروازوں کے لاک، سوئچ بورڈز اور ان تمام چیزوں کو صاف کریں جنہیں ہم اکثر چھوتے ہیں۔ سب سے اہم بات اپنے ہاتھوں کو ضرور دھوئیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گلوکار شہزاد رائے نے بھی ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے لوگوں کو ایک دوسرے سے گلے نہ ملنے کی تاکید کی تھی جب کہ اداکار ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی نے تو امریکا سے لوٹنے کے بعد احتیاطاً خود کو ایک ہوٹل میں قرنطینہ کرلیا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں