کورونا وبا کی وجہ سے فیفا ویمن انڈر 20 اور فیفا انڈر 17 ویمن ورلڈ کپ ملتوی ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کورونا وائرس وبا کے بعد کی صورتحال پر جون میں شیڈول تمام انٹرنیشنل میچز کے ساتھ اگست اور ستمبر میں ہونے والے فیفا ویمن انڈر 20 اور نومبر میں ہونے والے فیفا انڈر 17 ویمن ورلڈ کپ ملتوی ہونے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے فیفا کے اعلی سطحی ورکنگ گروپ کے اجلاس میں سفارشات تیار کرلی گئی ہیں۔
ورکنگ گروپ نے فیفا ایونٹس سمیت متعدد معاملات پر تبادلہ خیال کرکے اپنی تجاویز بیورو کو بھجوا دی۔ اجلاس کے شرکا نے اگلے سال اعلان کردہ ٹوکیو اولمپکس کے لیے فٹبال ٹیموں کے انتخاب کے لیے پہلے سے وضع کردہ قوانین پر عمل درآمد کی اپیل کی ہے۔ جس کے تحت یکم جنوری 1997 میں پیدا ہونے والے کھلاڑی کھیلوں کے اس عالمی میلے میں اپنے ملک کی نمائندگی کرسکیں گے۔ فٹبال کی عالمی باڈی ان سفارشات پر جلد ایکشن کا باقاعدہ اعلان کرے گی۔