کورونا وائرس: 3 مالیاتی اداروں کے ساتھ ڈیڑھ ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط


پاکستان اور 3 بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے درمیان ایک ارب 50 کروڑ ڈالر کے مالیاتی معاہدوں پر دستخط کر دیئے گئے۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب میں وزیراعظم عمران خان بھی موجود تھے۔

مذکورہ معاہدہ کی روشنی میں عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور ایشین انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ بینک پاکستان کو مذکورہ رقم فراہم کرے گا جس کے تحت صحت نظام کو مستحکم کرنے اور کووڈ 19 سے پیدا ہونے والے منفی معاشی اثرات کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کووڈ 19 ایکٹو رسپانس اینڈ ایکسپینڈیچر سپورٹ پروگرام کے لیے 50 کروڑ ڈالر کی مالی معاونت فراہم کرے گا۔

مذکورہ پروگرام کے تحت حکومت طبی نظام کو مضبوط بنانے اور کورونا وبا کے سماجی و معاشی اثرات میں کمی لانے کی کوششوں میں خرچ کیے جائیں گے۔

علاوہ ازیں ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک بھی کووڈ 19 ایکٹو رسپانس اینڈ ایکسپینڈیچر سپورٹ پروگرام کےلیے 50 کروڑ ڈالر کی معاون فنانسنگ کررہا ہے۔

مذکورہ پروگرام کا مقصد بھی کورونا وبا کے اثرات پر قابو پانے کی حکومتی کوششوں میں تعاون فراہم کرنا ہے۔

اس کے علاوہ انسانی وسائل کی ترقی کےلئے ضروری صحت وتعلیم کے نظام کو مضبوط بنانے، معاشی پیداوار میں خواتین کے کردار کی حوصلہ افزائی اور سماجی تحفظ کے منصوبوں میں کی بہتری میں معاونت کے سلسلے میں سیکورنگ ہیومین انویسٹمنٹس ٹو فاسٹر ٹرانسفارمیشن (شفٹ) کےلیے 50 کروڑ ڈالر کے معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔

پاکستان کی جانب سے سیکریٹری اقتصادی امور نور احمد جبکہ عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر پچھاموتھو ایلانگوان اورایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر مس شیاﺅ ہونگ نے معاہدوں پر دستخط کئے۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث پاکستان کو پہنچنے والا معاشی نقصان 25 کھرب روپے تک پہنچنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں بتایا گیا تھا کہ مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) کے ذریعے پیمائش کیا جانے والا ملکی معیشت کا حجم 440 کھرب سے 25 کھرب روپے کم ہو کر 415 کھرب ہوگیا

ایک اور اندازے کے مطابق شرح نمو کی بنیاد پر یہ نقصان تقریباً 16 کھرب روپے ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ کیسز میں تو اضافہ ہوہی رہا ہے تاہم اب اموات کی تعداد بھی کافی تیزی سے بڑھنے لگی ہے۔

19 جون تک آنے والے نئے کیسز کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 68 ہزار 564 ہوگئی جبکہ اموات 3 ہزار 294 تک جاپہنچیں۔

اعداد و شمار کے مطابق ملک میں جمعہ کو ملک بھر میں 5387 نئے کیسز اور 129 اموات کا اضافہ ہوا۔

خیال رہے کہ گزشتہ 2 روز میں ملک میں ہر روز 130 سے زائد اموات رپورٹ ہوئیں۔

صوبہ سندھ میں کورونا سے متعلق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے 13 ہزار 642 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2 ہزار 894 کے نتائج مثبت آئے۔

اس اضافے کے بعد صوبے میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 65 ہزار 163 ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں ایک روز میں ریکارڈ 49 اموات بھی سامنے آئیں جس کے بعد یہاں جاں بحق مریضوں کی تعداد ایک ہزار 13 ہوگئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت 673 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 113 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید ایک ہزار 691 مریض صحتیاب ہوگئے جس کے بعد صوبے میں شفایاب افراد کی تعداد 32 ہزار 725 ہوگئی۔


اپنا تبصرہ لکھیں