کورونا وائرس کے باعث ’’مشن امپاسبل 7 ‘‘کی شوٹنگ معطل


وینس: 

اٹلی میں کورونا وائرس کے خوف کے باعث ہالی ووڈ سپراسٹار ٹام کروز کی فلم ’’مشن امپاسبل7‘‘ کی شوٹنگ منسوخ کردی گئی۔

ہالی ووڈ پروڈکشن کمپنی پیراماؤنٹ پکچرز نے اٹلی کے شہر وینس میں فلم کی عکس بندی کے لیے تین ہفتوں کا شیڈول طے کیا تھا لیکن کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر فلم کی شوٹنگ منسوخ کردی گئی ہے۔ پروڈکشن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فلم کی شوٹنگ اپنے عملے اور کاسٹ کی حفاظت  کے لیے احتیاطی تدابیر کو اختیار کرتے ہوئے منسوخ کی گئی ہے۔

اسٹوڈیو انتظامیہ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ عملے کو شوٹنگ شروع ہونے تک واپس بھیجا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ ہم اٹلی میں صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اورحکومت اور صحت کے عملے کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ اٹلی میں 200 سے زائد افراد سی او وی آئی ڈی-19 سے متاثر ہیں یہ سانس کی بیماری کورونا وائرس کے باعث ہوتی ہے۔ جب کہ ایشیا سے باہر اب تک سات افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ کورونا وائرس کے متعدد کیسز پڑوسی خطے لومبارڈی میں رپورٹ ہوئے ہیں جو شمالی اٹلی کا علاقہ ہے تاہم تین کیسز وینس کے ہیں۔

واضح رہے کہ ’’مشن امپاسبل7‘‘ مشن امپاسبل سیریز کی ساتویں فلم ہے اسے اگلے سال جولائی میں ریلیز ہونا تھا لیکن شوٹنگ کینسل ہونے کے بعد اس کی نئی ریلیز کی تاریخ کے حوالے سے فی الحال تفصیلات منظرعام پر نہیں آئی ہیں۔

ایکشن اور تھرلر سے بھرپور فلم ’’مشن امپاسبل7‘‘ کے ہدایت کار کرسٹوفر میک کیوری ہیں اور فلم کی کہانی بھی انہوں نے ہی تحریر کی ہے۔ سیریز کی دیگر فلموں کی طرح اس فلم میں بھی ٹام کروز ایتھن ہنٹ کے کردار میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں