کورونا وائرس کی روک تھام: چمن پر پاک افغان بارڈر بند کردیا گیا


چمن:کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات کے تحت پاک افغان بارڈرآج بند کردیا گیا۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق پاک افغان بارڈر باب دوستی 9 مارچ تک بند رہے گا اور  اس دوران کسی کو آمدورفت کی اجازت نہیں ہوگی، اس سلسلے میں تمام ٹریڈرز، گڈز ٹرانسپورٹرز کو مال بردار گاڑیاں، کسٹم ہاؤس اور دیگر یارڈ منتقل کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہےکہ پاک افغان بارڈر پر دوطرفہ پیدل آمدورفت اور تجارتی سرگرمیاں بھی معطل رہیں گی۔

حکام کے مطابق پاک افغان بارڈرپراب تک کورونا کاکوئی مریض نہیں سامنے نہیں آیا لیکن اسکریننگ ٹیمیں باب دوستی پر موجود رہیں گی۔

پاک افغان بارڈرپراب تک کورونا کاکوئی مریض نہیں سامنے نہیں آیا: حکام

اس کے علاوہ پاک افغان سرحد سے ملحقہ قبائلی اضلاع میں کورونا وائرس سے شہریوں کو بچانے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں اور ڈی ایچ کیو اسپتال پاراچنار میں آئسولیشن وارڈز قائم کردیے گئے ہیں۔

پاک افغان سرحد باب دوستی پر میڈیکل ٹیکنیشن ٹیم ریڈ کریسنٹ اور پی پی ایچ آئی کے تعاون سے لوگوں کی اسکریننگ کا عمل جاری ہے۔

طورخم بارڈر پر بھی میڈیکل چیک پوائنٹ قائم

ادھر طورخم بارڈر پر بھی میڈیکل چیک پوائنٹ قائم کردیا گیا ہے اور افغانستان سے آنے جانے والوں کی اسکریننگ کا سلسلہ جاری ہے۔

پاک افغان دوستی اسپتال طورخم میں آئسولیشن وارڈ قائم کیا گیا ہے جب کہ لنڈی کوتل اور جمرود اسپتالوں میں بھی آئسولیشن وارڈ قائم کیے گئے ہیں، طورخم میں عملے کو ایمبولینس بھی فراہم کی گئی ہے۔

محکمہ صحت اور نیشنل ہیلتھ اسٹیبلشمنٹ کا عملہ تھرمل اسکینرز کے ذریعے بخار کے مریضوں کا معائنہ کر رہا ہے۔

طورخم پر ایک ماہ کی اسکریننگ میں کسی مسافر میں وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی

ڈسٹرکٹ ہیلتھ کے مطابق  طورخم سرحدی گزرگاہ پر 2 لاکھ 15 ہزار مسافروں کی اسکریننگ کی گئی،  ایک ماہ کی اسکریننگ سے کسی مسافرمیں بھی کورونا وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔

تفتان میں ایران سے آنیوالوں کی اسکریننگ جاری

دوسری جانب ایران میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کے بعد پاک ایران سرحد تفتان کی بندش کا آج دسواں روز ہے تاہم ایران سے پاکستانی شہریوں کی پاکستان واپسی کا عمل جاری ہے، گزشتہ روز  1321 شہری تفتان پہنچ گئے۔

2 روز میں پاکستان آنے والے  1731افراد کو پاکستان ہاؤس میں 14 دن کےلیے قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جہاں اُن کی طبی نگرانی اورمعائنہ کیا جارہا ہے۔

2 ہزار افراد کی اسکریننگ مکمل

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہےکہ تفتان سمیت مختلف سرحدی علاقوں میں کورونا وائرس کےحوالے سے معاونت فراہم کی جارہی ہے، تفتان میں ایران سے آنے والے  تقریباً 2 ہزار افراد کی اسکریننگ مکمل کرلی گئی،  تفتان میں قیام پذیر افرادکو ماسک،خوراک اور رہائش کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق ایران سے تفتان میں زائرین سمیت مزید ایک ہزار پاکستانیوں کی آمد متوقع ہے، ایران سے آنے والےتمام پاکستانیوں کی اسکریننگ کی جائےگی۔

علاوہ ازیں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تحت بلوچستان میں 2 مارچ سے شروع ہونے والے میٹرک اور ایف اے کے امتحانات جب کہ بی ایڈ اور ایم ایڈ کی ورکشاپس ملتوی کردی گئی ہیں جن کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں