کورونا وائرس: دبئی کا ورلڈ ٹریڈ سینٹر اسپتال میں تبدیل


کورونا وائرس کے پیش نظر دبئی حکام نے ورلڈ ٹریڈ سینٹر کو اسپتال میں تبدیل کردیا۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی حکام نے بتایا کہ ورلڈ ٹریڈ سینٹر کو فیلڈ اسپتال میں تبدیل کیا گیا ہے جس میں مریضوں کے لیے 3 ہزار بستر لگائے جاسکتے ہیں اور اس کا مقصد ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے علاج و معالجے کے لیے سہولیات کو بڑھانا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل دبئی ہیلتھ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ دبئی کے اسپتالوں میں اس وقت 4 سے 5 ہزار بستروں کی سہولت موجود ہے جسے 10 ہزار تک لے جانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ دبئی میں کورونا سے متعلق کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے آنے والے دنوں میں مزید 2 فیلڈ اسپتال تیار ہوں گے۔

عرب میڈیا کے مطابق دبئی میں کورونا وائرس ٹیسٹ پروگرام کو تیزی سے بڑھانے کے لیے مختلف حصوں میں موبائل ٹیسٹ سینٹرز بھی قائم کردیے گئے ہیں، اس کے علاوہ حالیہ شروع کی جانے والے ڈرائیو تھرو ٹیسٹنگ کے ذریعے 32 ہزار ٹیسٹ کیے جارہے ہیں جب کہ متعدد ٹیسٹنگ لیبارٹریاں بھی موجود ہیں۔

دبئی کی وزارت صحت کے مطابق متحدہ عرب امارات میں کورونا کے مریضوں پر کلوروکوئن اور ہائیڈراکسی کلوروکوئن کا بھی کامیابی سے استعمال کیا جارہا ہے۔

عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ دبئی کے حکام ملک میں کورونا کی روک تھام کے لیے انتہائی سرگرم ہیں اور اس سلسلے میں ملک بھر میں کرفیو بھی نافذ ہے جب کہ امارات میں جراثیم کش مہم بھی تواتر سے جاری ہے۔

متحدہ عرب امارات میں کورونا وائرس کے تقریباً 5 ہزار کیسز ہیں اور 28 افراد وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں