کورونا وائرس: تاج محل سمیت تمام تاریخی مقامات بند کرنے کا مطالبہ


بھارت میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھنے کے بعد تاج محل سمیت تمام تاریخی مقامات کو بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آگرہ کے میئر نوین جین کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وائرس کی صورتحال پر قابو پانے تک تاج محل سمیت بھارت کے تمام تر تاریخی مقامات کو بند رکھا جائے۔

نوین جین نے کہا کہ ’آگرہ میں بڑی تعداد میں غیر ملکی سیاح آتے ہیں جس کی وجہ سے شہر بھر میں کورونا وائرس کے پھیلنے کے امکانات بڑھ رہے ہیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں بھارتی حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ تاج محل سمیت تمام تر تاریخی مقامات کو فوری طور پر بند کردیں‘۔

بھارت میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ

واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے اور وہاں تعداد 31 تک جا پہنچی ہے۔

بھارتی حکومت نے ریاستی حکومتوں کو عوامی اجتماعات سے گریز کرنے اور پہلے سے طے شدہ بڑے پروگرام ملتوی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

بھارت میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے مقبول ترین انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی ایوارڈز 2020 کی تین روزہ تقریب منسوخ کردی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ وزیراعظم نریندر مودی نے بھی برسلز کا دورہ ملتوی کردیا ہے جہاں انہیں انڈیا یورپ سمٹ میں شرکت کرنا تھی۔

دوسری جانب وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے نئی دہلی میں پرائمری اسکولوں میں 31 مارچ تک تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے جس کے تحت دہلی کے تمام سرکاری اور نجی اسکولز بند رہیں گے۔

واضح رہےکہ دنیا بھر میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 58 ہزار تجاوز کرگئی ہے اور ایک لاکھ ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں