اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کورونا وائرس کے عدم پھیلاؤ کے پیش نظر سماجی فاصلے کو یقینی بنانے اور صارفین کو سہولت پہنچانے کے لیے بینکوں اورمائیکرو فنانس بینکو (ایم ایف بی) کو ڈوراسٹیپ چیک کلکشن کی اجازت دے دی۔
واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک کے مذکورہ اقدام کے تحت متعلقہ عملہ صارفین کے گھر سے چیک موصول کرسکےگا۔
مرکزی بینک کے سرکلر کے مطابق بینک اور ایم ایف بی سروس مہیا کرسکتے ہیں جس کے تحت صارفین کی درخواست پر رجسٹرڈ ایڈریس سے چیک وصول کرنے کا انتظام کیا جائےگا۔
علاوہ ازیں بینک اور ایم ایف بیز ڈراپ باکس چیک جمع کرنے کی سہولت بھی پیش کرسکتے ہیں جس کے تحت صارفین منتخب برانچوں میں نصب اپنے بینکوں کے ڈراپ باکسز میں اپنے چیک ڈال سکتے ہیں۔
مرکزی بینک کے سرکلر کے مطابق بینک ڈائریکٹ چیک ڈپازٹ کی سہولت مہیا کرسکتے ہیں جس کے تحت وصول کنندہ ادائیگی یا نکالنے والے بینک میں کراس چیک براہ راست بینک میں پیش کرسکتا ہے۔
اسٹیٹ بینک نے بینکوں پر زور دیا کہ اپنے صارف کے اکاؤنٹ سے رقم ڈیبٹ کرنے سے پہلے ادائیگی کرنے والے یا ڈراو بینک کو لازمی طور پر تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہے۔
علاوہ ازیں متعلقہ بینک صارفین کو فون کرکے تصدیق کرسکتا ہے اور چیک کی توثیق کے لیے دیگر ضروری معلومات کا جائزہ بھی لے سکتا ہے۔
اسٹیٹ بینک نے کہا کہ اسی طرح کسٹمراکاؤنٹ میں کریڈٹ کرنے سے پہلے بینک صارف کی تصدیق کو یقینی بنائے۔
سرکلر کے مطابق بینک اپنے کارپوریٹ / ترجیحی صارفین کو متعلقہ تفصیلات کے ساتھ چیک کی اسکین شدہ تصاویر کے ساتھ درج شدہ ای میل کے ذریعے یا اپنے بینکوں کے موبائل ایپس کے ذریعے اپنے اکاؤنٹ سے وصول کنندگان کو رقوم منتقل کرنے کی اجازت دے سکتے ہیں۔
مرکزی بینک نے واضح کیا کہ خطرات اور ذمہ داریوں سے متعلق تمام شرائط و ضوابط کے بارے میں صارف کی رضا مندی ضروری ہے۔