کورونا لاک ڈاؤن: صبا قمر کا بھی یوٹیوب چینل لانچ کرنے کا اعلان


عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے کئی ممالک میں لاک ڈاؤن نافذ ہے جس کے بعد کاروباری زندگی بہت زیادہ متاثر بھی ہورہی ہے، ایسے میں اگر شوبز کی بات کی جائے تو صرف پاکستان کی ہی نہیں دنیا بھر کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری بہت زیادہ متاثر ہورہی ہے۔

ایسے میں پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی مصروف رہنے کے لیے نئے نئے طریقے ڈھونڈ رہی ہیں۔

کوئی اپنے گھر کی صفائی کر رہا ہے تو کوئی نئے نئے کھانے بنانا سیکھ رہا ہے، اداکارہ صبا قمر نے بھی خود کو مصروف رکھنے کا نیا طریقہ ڈھونڈ نکالا۔

اداکارہ صبا قمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اعلان کیا کہ وہ اپنا یوٹیوب چینل لانچ کرنے جارہی ہیں۔

صبا قمر کا اس حوالے سے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’میں نے بہت غور کرنے کے بعد اپنا یوٹیوب چینل لانچ کرنے کا فیصلہ کیا، میں اس پلیٹ فارم کے ذریعے اپنی رائے کا اظہار کرنا چاہتی ہوں، میں نے شوبز انڈسٹری میں بہت محنت کے بعد یہ مقام حاصل کیا اور مجھے لگتا ہے اس دوران میں نے بہت کچھ سیکھا بھی ہے‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں ہمیشہ سے نوجوان نسل کے ساتھ کام کرنے کی خواہش مند رہی ہوں، اس سے میرے ٹیلنٹ میں بھی اضافہ ہوگا‘۔

خیال رہے کہ صبا قمر اپنے کیریئر میں کامیڈی، رومانوی اور سنجیدہ ہر طرح کا کردار نبھا چکی ہیں۔

وہ بولی وڈ فلم ’ہندی میڈیم‘ میں بھی کام کرچکی ہیں جس میں ان کی اداکاری کو سراہا گیا جبکہ اس کے لیے انہیں فلم فیئر ایوارڈ کی نامزدگی بھی ملی۔

یوٹیوب چینل کے حوالے سے اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ’میں ایک کے بعد ایک قدم آگے بڑھاتی ہوں، میری ٹیم مجھے سمجھتی ہے، میری ٹیم کے ساتھ میرا ایک پورا شیڈول تیار رہتا ہے‘۔

خیال رہے کہ حال ہی میں فیروز خان نے بھی اعلان کیا تھا کہ وہ اپنا یوٹیوب چینل لانچ کرنے جارہے ہیں، جہاں وہ مداحوں کے ساتھ مذہبی تعلیمات شیئر کریں گے۔

ان کے علاوہ اداکارہ ہانیہ عامر بھی یوٹیوب چینل پر کافی فعال ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں