کورونا لاک ڈاؤن: بہت ہوگئے پکوڑے، اب افطار میں بریانی بنائیں


کورونا وائرس کے باعث لگے لاک ڈاؤن کے دوران خواتین کو رمضان میں افطار کے لیے شاید سب کچھ ہی گھر میں تیار کرنا پڑ رہا ہے۔

کوئی بازار سے کھانے کا سامان شاید اس لیے نہ لارہا ہو کہ اسے وقت نہیں مل رہا تو کوئی احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے گھر کا کھانا کھانے کو ہی ترجیح دے۔

ایسے میں لوگ گھروں میں نئی نئی ترکیب سے سموسے، پکوڑے چاٹ وغیرہ بنارہے ہیں، لیکن اگر ان سب سے دل بھر گیا ہے کہ تو پھر بریانی بنانے کے بارے میں کیا خیال رہے؟

روزہ کھولنے کے لیے افطار میں سموسے، پکوڑے، چھولے، دہی بڑے وغیرہ تو پیش کیے ہی جاتے ہیں کیوں کہ ان کے بغیر افطاری مکمل نہیں لگتی البتہ اب اگر کچھ اور بنانے کا دل کررہا ہے تو سندھی بریانی بنالیں۔

سندھی بریانی کو تیار کرنا تھوڑا محنت طلب ضرور ہے، مگر اتنا مشکل بھی نہیں کہ اسے گھر پر تیار نہ کیا جاسکے، اس کی آسان ترکیب یہاں جانیئے:

اجزاء

چاول باسمتی اعلیٰ کوالٹی 500 گرام

مرغی یا گوشت 500 گرام چھوٹی بوٹیاں

آلو 300 گرام کاٹ لیں

ٹماٹر 250 گرام کاٹ لیں

پیاز 2 عدد کاٹ کاٹ لیں

آلو بخارے 150 گرام

دہی 150 گرام

کوکنگ آئل 2 کپ

بریانی ایسنس حسب ضرورت

سرخ مرچ پاؤڈر حسب ضرورت

نمک حسب ضرورت

ہری مرچ 6 عدد

پودینہ اور دھنیا ایک ایک گٹھی

لہسن اور ادرک پاؤڈر ایک ایک چائے کا چمچ

مکس ثابت گرم مصالحہ 75 گرام کوٹ لیں

زردے کا رنگ حسب ضرورت

ترکیب

سب سے پہلے ایک برتن میں آدھے تیل کے ساتھ پیاز تلیں،اور انہیں دہی کے ساتھ بلینڈ کرلیں۔

ایک علیحدہ برتن میں باقی تیل میں لہسن، ادرک اور گرم مصالحہ بھن لیں، جب یہ بھن جائیں تو ان میں آلو ڈال لیں۔

مصالحہ اور آلو گل جائیں تو اس میں گوشت ڈال کر تھوڑا سا پانی ڈال کر بھن لیں، آخر میں ٹماٹر، پیاز، نمک، دھنیا پودینہ،دہی، آلو بخارہ اور دیگر چیزیں بھی ڈال دیں۔

الگ برتن میں چاول بوائل کریں۔

ایک بڑے برتن میں پہلے قورمہ پھر اس کے اوپر چاول ڈالیں، سب سے اوپر بریانی ایسنس اور زردے کا رنگ ڈال کر تھوڑے پانی کے ساتھ دم کرلیں۔

چند منٹ بعد اتارکر پلیٹوں میں نکال لیں۔

چاہیں تو رائتہ تیار کرکے اس سے نوش فرمائیں، چاہیں تو سلاد کے ساتھ کھائیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں