کورونا سے متاثرہ افراد کے لیے فنڈ جمع کرنے کی منفرد ‘آل ان چیلنج’ مہم


دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اگرچہ شوبز، اسپورٹس و فیشن شخصیات سمیت کاروبار و سیاسی شخصیات نے بھی لاکھوں روپے فنڈز فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تاہم 15 اپریل کو کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے لیے فنڈ جمع کرنے کی ایک منفرد مہم ‘آل ان چیلنج’ شروع کی گئی جس کے تحت اداکار، اسپورٹس شخصیات، ٹی وی، فیشن و ماڈلنگ سمیت دیگر شعبہ جات سے منسلک افراد اپنے مداحوں کو فنڈ جمع کرانے کی پیش کش کر رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکا کے ایک کاروباری شخص کی جانب سے آن لائن شروع کی گئی فنڈر جمع کرنے کی مہم میں اب تک لیونارڈو ڈی کیپریو، جسٹن بیبر، ایلن ڈی جینرز اور ایلکس ردریگز سمیت درجنوں معروف شخصیات شامل ہو چکی ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس منفرد فنڈ جمع کرنے والے منصوبے کے تحت نہ صرف ہولی وڈ اداکار، موسیقار، فنکار، ٹی وی آرٹسٹ بلکہ اسپورٹس شخصیات بھی اپنے مداحوں کو زیادہ سے زیادہ فنڈ جمع کرنے کی ہدایات کر رہی ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مذکورہ ‘آل ان چیلنج’ فنڈر جمع کرنے کی مہم کے ذریعے دراصل معروف شخصیات اپنے مداحوں کو فنڈ جمع کرانے کے بدلے مختلف خدمات کی پیش کش کر رہی ہیں۔

مذکورہ مہم کے درمیان کچھ اداکاروں نے مداحوں کو پیش کش کی ہے جو سب سے زیادہ چندہ جمع کروائے گا، انہیں اداکار کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع فراہم کیا جائے گا، اسی طرح کسی نے مداحوں کو ساتھ رات کا کھانا اور کسی نے دوپہر کا کھانا ساتھ کھانے کی پیش کش کی۔

کچھ شخصیات نے مداحوں کو ایک ساتھ فلم کی شوٹنگ پر وقت گزارنے یا کسی تقریب میں ایک ساتھ شرکت کرنے یا پھر کسی میوزک فیسٹیول میں ایک ساتھ شریک ہونے کی پیش کش بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: بیک اسٹریٹ بوائز کا مداحوں کے لیے آن لائن کنسرٹ

اداکارہ و ٹی وی میزبان ایلن ڈی جینرز نے مداحوں کو پیش کش کی کہ وہ سب سے زیادہ فنڈ دینے والے مداح کے ساتھ ایک ٹی وی پروگرام کریں گی۔

اسی طرح لیونارڈو ڈی کیپریو اور الیکس ردریگز نے مداحوں کو پیش کش کی وہ سب سے زیادہ فنڈز دینے والے مداح کے ساتھ آئندہ سال ریلیز ہونے والی ان کی فلم کے سیٹ پر ایک دن گزارنے سمیت مداحوں کے ساتھ فلم کے پریمیئر میں شرکت کریں گے۔

مذکورہ مہم کے دوران 16 اپریل کی شام تک نصف ملین ڈالر سے زائد کی رقم جمع ہو چکی تھی اور اس فنڈ میں دنیا بھر سے کوئی بھی شخص آن لائن کم سے کم 10 ڈالر کی رقم جمع کروا سکتا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں