کورونا سے لوگوں کی شخصیت و احساسات تبدیل ہونے کا انکشاف

کورونا سے لوگوں کی شخصیت و احساسات تبدیل ہونے کا انکشاف


ایک حالیہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ کورونا کی وبا سے لوگوں کی شخصیت اور احساسات ہی تبدیل ہو رہے ہیں اور لوگ ماضی کے مقابلے دوسروں کی مدد کرنا پسند نہیں کر رہے۔

طبی جریدے ’پلوس‘ میں شائع تحقیق کے مطابق کورونا کی وبا سے انسانی شخصیت، حواس اور احساسات میں نمایاں فرق دیکھا گیا جو لوگ کورونا کے آغاز میں دوسروں کی زیادہ سے زیادہ مدد کرنا پسند کرتے تھے وہ وبا کے دو سال بعد دوسروں کی مدد کرنے میں غیر متحرک دکھائی دیے۔

کورونا کی وبا کے انسانی شخصیت اور احساسات کو جاننے کے لیے امریکی ماہرین نے 7 ہزار سے زائد افراد پر تحقیق کی اور ان سے مختلف سوالات کیے جب کہ ان کے بعض ٹیسٹس بھی کیے گئے۔

مذکورہ تحقیق میں ماہرین نے 18 سے 109 سال تک کی عمر افراد کو شامل کیا تھا، جن سے کورونا کے آغاز یعنی پہلے مرحلے میں مارچ 2020 اور بعد ازاں 2021 کے آخر اور 2022 کے آغاز میں سوالات کیے۔

ماہرین نے تحقیق کے دوران کورونا کی وبا کے انسانی شخصیت اور احساسات پر 5 طرح کے اثرات کا جائزہ لیا اور دیکھا کہ آیا وبا انسانی شخصیت اور سوچ کو تبدیل کرتی ہے کہ نہیں۔

تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ کورونا کی وبا نے سب سے سے زیادہ کم عمر افراد کی شخصیت اور احساسات کو تبدیل کیا، ان میں جہاں اعتماد کی کمی دکھائی دی، وہیں ان میں ڈپریشن کی سطح زیادہ اور دوسروں کی مدد کرنے کا جذبہ بھی کم دیکھا گیا۔

ماہرین کے مطابق تحقیق سے معلوم ہوا کہ کورونا کی وبا سے درمیانی عمر کے افراد کی شخصیت اور احساسات بھی تبدیل ہوئے اور عام طور پر نوجوانوں اور 30 سال کی عمر کے افراد میں محض دو سال کے اندر وہ تبدیلیاں دیکھی گئیں جو عام طور پر ایک دہائی بعد دیکھنے میں آتی ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ تاہم کورونا کی وبا کے ضعیف العمر افراد یعنی 64 سال یا اس سے زائد کی عمر کے افراد میں اثرات کم دکھائی دیے، ان میں زیادہ تر بے یقینی، خوف اور ڈپریشن کی تبدیلیاں نہیں دیکھی گئیں۔

ماہرین نے یہ بھی واضح کیا کہ اس سے قبل دیگر قدرتی آفتوں جیسا کہ زلزلوں اور سمندری طوفانوں کے دوران بھی انسانی شخصیت اور احساسات میں تبدیلی پر تحقیقات کی گئیں تھیں مگر اس وقت لوگوں میں اتنی تبدیلیاں نوٹ نہیں کی گئیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں