کورونا سے صحتیاب ہونے والا مریض دوسری بار متاثر نہیں ہوسکتا: ماہرین


جنوبی کوریا کے ماہرین نے تحقیق کے بعد دعویٰ کیا ہے کہ کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والا کوئی بھی مریض دوسری بار متاثر نہیں ہو سکتا۔

گزشتہ دنوں جنوبی کوریا، چین، جاپان اور اٹلی میں مہلک وائرس سے صحتیاب ہونے والے مریضوں میں دوبارہ مہلک وائرس کی تشخیص کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا۔

تاہم اب جنوبی کوریا کے ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والا کوئی بھی مریض دوسری بار متاثر نہیں ہو سکتا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ صحت مند افراد میں دوسری بار مہلک وائرس کی تشخیص ٹیسٹنگ کی خرابی کا نتیجہ ہے۔

ماہرین کے مطابق دوبارہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ مریضوں کے جسم میں مہلک وائرس کے غیر مؤثر ٹکڑے ہیں جن کی کچھ دنوں، ہفتوں اور مکمل صحتیابی کے بعد تشخیص ہوتی ہے اور یہ روایتی ٹیسٹ میں پکڑ میں نہیں آتے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی تشخیص کیلئے  کیا جانے والا پی سی آر ٹیسٹ مریض کے جسم میں موجود فعال وائرس اور وائرس کے تباہ شدہ ٹکڑوں میں تفریق نہیں کرسکتا۔

خیال رہے کہ جنوبی کوریا میں 200 سے زائد مریضوں میں کورونا کی دوبارہ تشخیص ہوئی تھی جس پر طبی حکام نے تشویش کا اظہار کیا تھا۔

جنوبی کوریا میں کورونا سے 252 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 10 ہزار سے زائد ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں