مہلک کورونا وائرس نے اٹلی اور اسپین کے بعد امریکا میں تباہی مچادی جہاں ایک ہی روز میں ہلاکتوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کے روز امریکا بھر میں کورونا سے 1736 ہلاکتیں ہوئیں جن میں سے صرف نیویارک میں ہی 736 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جو اب تک امریکا میں کورونا سے ایک روز میں ہونے والی ریکارڈ ہلاکتیں ہیں۔
اس سے قبل امریکا میں 4 اپریل کو ایک ہی دن میں 1344 ہلاکتیں ہوئی تھیں جس کے بعد ہلاکتوں کی نئی تعداد تیزی سے بڑھی ہے۔
امریکا میں اب تک کورونا وائرس سے 12 ہزار 722 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ تقریباً 4 لاکھ افراد کورونا وائرس سے متاثر ہیں جو دنیا میں اس وقت کورونا کے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
امریکا میں ریاست نیویارک اس وقت کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 5800 سے بھی زیادہ ہے۔
نیویارک کے گورنر اینڈریو کومو کا کہنا ہےکہ ریاست میں وبائی مرض اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے، انہوں نے شہریوں سے گھروں میں رہنے، اجتماعات میں شرکت سے گریز اور سماجی فاصلے رکھنے کی اپیل کی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک مشکل کام ہے لیکن ہمیں اس وقت یہی کرتے رہنا ہے۔
کورونا سے امریکی مقامی گلوکار جون پرائن بھی ہلاک ہوگئے جس کی تصدیق ان کے اہلخانہ کی جانب سے کی گئی جب کہ گلوکار کی اہلیہ بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔
دوسری جانب ٹرمپ نے بھی امریکا میں کورونا وائرس کے کیسز سب سے زیادہ ہونے کے خدشات ظاہر کیے ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال
خیال رہے کہ مہلک کورونا وائرس دنیا کے 209 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے جہاں اب تک 14لاکھ31ہزار 700 سے زائدافراد متاثر اور 80 ہزار سے زائد ہلاک ہو چکے ہیں ۔