کراچی:
ماہرین صحت نے اندرون سندھ سمیت کراچی میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی سہولیات میں اضافہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا کہا کہ اسپتالوں میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی سہولیات مفت فراہم کی جائیں، کورونا وائرس کے پھیلنے کی وجہ عوام کا احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل نہ کرنا ہے، کوئی بھی وائرس کمزور مدافعتی نظام والے افراد پر حملہ آور ہوتا ہے، مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے غذائیت سے بھرپور صحت مند غذا کا استعمال کریں.
سیکریٹری جنرل پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ڈاکٹر قیصر سجاد کا ایکسپریس نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سندھ سمیت ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہورہے ہیں، 126 ممالک میں کورونا وائرس پھیل چکا ہے جو مزید پھیلتا جائے گا، یہ ایک ایسا وائرس ہے جو تیزی سے ایک انسان سے دوسرے انسان کو لگتا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کو چاہیے کہ ایک اجلاس بلائیں جس میں تمام گورنرز، وزراعلیٰ، اسٹیک ہولڈرز، انفیکشیس ڈیزیز کے ماہرین کو شامل کیا جائے جس میں سب کی مشاورت کے بعد ایک لائحہ عمل بنایا جائے، ہمارے ملک میں صحت کا نظام اور انفرااسٹرکچر بہت کمزور ہے، سرکار کو اسپتالوں میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی سہولیات مفت فراہم کرنی چاہیے۔
یہ حساس نوعیت کا ٹیسٹ ہوتا ہے جسکی سہولت ہر جگہ میسر نہیں ہے اس کے لیے سندھ میں 10 کلیکشن سینٹرز بنائے جائیں، ہر کھانسی، نزلہ، زکام کورونا وائرس نہیں ہوسکتا، ڈاکٹر کے مشورے پر ہی ٹیسٹ کروائیں۔