گلوکار علی ظفر نے کامیاب زندگی کا فلسفہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی انسان مکمل نہیں ہے اور نہ ہی کوئی یہ دعویٰ کرسکتا ہے کہ اس نے زندگی میں کوئی گناہ نہیں کیا لیکن انسان کو ہمیشہ اچھا بننے کی کوشش کرتے رہنا چاہئے۔
علی ظفر نے ثمینہ پیرزادہ کے آن لائن شو میں اپنے دل کی وہ تمام باتیں کیں جو آج تک ان کے مداحوں کو ان کے بارے میں معلوم نہیں تھیں۔ علی ظفر نے بتایا کہ وہ تین بھائی ہیں اور علی ظفر تینوں میں سب سے بڑے ہیں، بچپن میں علی بہت شرمیلے بچے تھے جو نہ تو زیادہ دوست بناتے ہیں اورنہ ہی لوگوں میں گھلتے ملتے ہیں۔
علی ظفر نے اپنی پہلی محبت کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ انہیں پہلی بار اپنی ایک کلاس فیلو سے محبت ہوئی تھی لیکن وہ شرمیلے پن کی وجہ سے کبھی اظہار نہیں کرسکے۔ ان کا تعلق ایک متوسط گھرانے سے تھا لہٰذا انہیں بہت جلدی اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہوگیا تھا۔ اس لیے انہوں نے بہت چھوٹی عمر میں پینٹینگز بنا کر پیسے کمانے شروع کردئیے۔
علی ظفر نے کامیاب زندگی کا فلسفہ بتاتے ہوئے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ ہم ابھی انسان بنے نہیں ہیں بلکہ انسان بننے کے عمل سے گزررہے ہیں اور یہ عمل اس وقت مکمل ہوگا جب ہم میں شعور آجائے گا۔ تمام والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کی اتنی اچھی تربیت کریں کہ وہ بڑے ہوکر دنیا میں انسانیت پھیلائیں جس دن یہ ہوگیا اسی دن ہم میں شعور آجائے گا۔ تمام لوگوں کو اچھا انسان بننے کی کوشش کرنی چاہئے کوئی انسان مکمل نہیں ہوتا اور نہ ہی کوئی یہ دعویٰ کرسکتا ہے کہ اس نے کوئی گناہ نہیں کیا لیکن ہمیں ہمیشہ ایک اچھا انسان بننے کی کوشش کرتے رہنا چاہئے۔