بالی ووڈ اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت نے بھی لوک سبھا الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 37 سالہ کنگنا رناوت پہلی مرتبہ انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں، کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت ان کی والدہ اور بہن بھی موجود تھیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کنگنا رناوت نے نے لوک سبھا کی سیٹ کے لیے ریاست ہماچل پردیش سے بی جے پی کے ٹکٹ پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
اداکارہ نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور مخالف سیاسی جماعت کانگریس پر تنقید کی۔
کنگنا رناوت کا کہنا تھا کہ کانگریس پارٹی کی ملک دشمن ذہنیت ملک کے لیے تشویشناک ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ میں بالی ووڈ میں کامیاب رہی ہوں اور مجھے امید ہے کہ سیاست کے میدان میں بھی کامیابی ملے گی۔
اس موقع پر اداکارہ کی والدہ نے کہا کہ عوام یہاں کنگنا رناوت کو سپورٹ کرنے آئے ہیں، ہم یقینی طور پر جیتیں گے، انہوں نے لوگوں کے لیے بہت کام کیا ہے اور مستقبل میں بھی کریں گے۔