رواں سال کورونا وائرس کی وجہ سے جہاں دنیا بھر کی معیشت اور کاروبار میں فرق دیکھا گیا، وہیں شوبز انڈسٹری کی بھی کمائی کم دیکھی گئی۔
کورونا کے باعث فلموں کی شوٹنگ اور ریلیز منسوخ ہونے کی وجہ سے کئی شوبز شخصیات گزشتہ ایک سال کے دوران 6 ماہ تک فارغ بیٹھی رہیں اور ان کی کمائی میں نمایاں کمی ہوئی۔
تاہم اس باوجود کئی شوبز شخصیات مختلف منصوبوں میں کام کرنے کے باعث رواں سال بھی ریکارڈ کمائی کرنے میں کامیاب گئے اور ایسی شخصیات میں سابق ریسلر اور ہولی وڈ کے ایکشن ہیرو ڈیوائن جونسن بھی شامل ہیں۔
کورونا کے باعث اگرچہ رواں سال ڈیوائن جونسن کی کمائی میں بھی نمایاں کمی ہوئی، تاہم اس باوجود وہ سب سے زیادہ کمائی کرنے والے اداکار رہے۔
معروف اقتصادی جریدے فوربز کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والے 2020 کے 10 اداکاروں کی فہرست میں ڈیوائن جونسن رواں سال بھی پہلے نمبر پر رہے۔
ڈیوائن جونسن گزشتہ سال بھی 8 کروڑ 94 لاکھ امریکی ڈالر کمائی کے ساتھ سب سے زیادہ کمائی کرنے والے پہلے اداکار رہے تھے۔
فوربز کی فہرست کے مطابق سب سے زیادہ کمائی کرنے والے 10 اداکاروں میں ایک بولی وڈ اور ایک ہانگ کانگ کے اداکار بھی جگہ بنانے میں کامیاب گئے ہیں۔
سب سے زیادہ کمائی کرنے والوں میں دسویں نمبر پر چینی نژاد ہانگ کانگ کے اداکار جیکی چن رہے، جنہوں نے گزشتہ ایک سال میں 4 کروڑ امریکی ڈالر کمائے۔
فہرست میں نویں نمبر پر 4 کروڑ 10 لاکھ امریکی ڈالر کمائی کے ساتھ کامیڈین ایڈم سینڈلر رہے۔
سب سے زیادہ کمائی کرنے والے 8 ویں اداکار ول سمتھ رہے، جنہوں نے گزشتہ ایک سال کے دوران 4 کروڑ 45 لاکھ امریکی ڈالر کمائے۔
اداکار مینوئل مرنڈا 4 کروڑ 55 لاکھ امریکی ڈالر کے ساتھ زیادہ کمائی کرنے والے ساتویں اداکار رہے۔
بولی وڈ کھلاڑی اکشے کمار 4 کروڑ 85 لاکھ امریکی ڈالر کے ساتھ فہرست میں چھٹے نمبر پر رہے اور وہ فہرست میں جگہ پانے والے واحد بھارتی اداکار ہیں۔
گزشتہ سال اکشے کمار سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فہرست میں چوتھے نمبر پر تھے اور ان کی کمائی ساڑھے 6 کروڑ تھی۔
پانچویں نمبر پر سابق ریسلر و اداکار ون ڈیزل رہے، جن کی کمائی 5 کروڑ 40 لاکھ امریکی ڈالر رہی۔
فہرست میں 5 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر کمائی کے ساتھ بین ایفلک چوتھے نمبر پر رہے۔
تیسرے نمبر پر مارک والبرگ رہے، جن کی کمائی 5 کروڑ 80 لاکھ امریکی ڈالر رہے۔
فہرست میں دوسرے نمبر پر رائن رینالڈز رہے، جن کی کمائی 7 کروڑ 15 لاکھ امریکی ڈالر رہی۔
ڈیوائن جونسن 8 کروڑ 75 لاکھ امریکی ڈالر کمائی کے ساتھ سر فہرست رہے۔
مجموعی طور پر رساں سال سب سے زیادہ کمائی کرنے والے تمام اداکاروں کی کمائی میں 20 سے 50 لاکھ امریکی ڈالر کی کمی دیکھی، تاہم بعض اداکاروں کی کمائی میں ایک کروڑ ڈالر سے بھی زائد کی کمی دیکھی گئی۔
فوربز ہر سال اگست میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والے اداکاروں، اداکاراؤں اور بعد ازاں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی شخصیات کی فہرست بھی جاری کرتا ہے۔
فوربز سب سے زیادہ کمائی کرنے والے موسیقاروں کی فہرست بھی ہر سال جاری کرتا ہے۔