بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’جوان‘ کا سحر اب بھی ان کے مداحوں کے سر پر چڑا ہوا ہے جس نے اب انٹرنیٹ سینسیشن کلی پال اور ان کی بہن نیما پال کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
تنزانیہ سے تعلق رکھنے والے معروف ٹک ٹاکر کلی پال اور ان کی بہن نیما پال بھی اب فلم ’جوان‘ کے بخار میں مبتلا ہوگئے ہیں اور انہوں نے فلم کے مقبول گانے ’ ناٹ رمایا واستوایا‘ کی دھن پر تھرکتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔
ویڈیو میں دونوں بھائی بہن اپنے روایتی لباس میں بھارتی فلم ’جوان‘ کے گانے ’ناٹ رمایا واستوایا‘ کا ایک اسٹیپ کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
کلی پال اور نیما پال کی سوشل میڈیا پر گردش کرتی مذکورہ ویڈیو جلد ہی کنگ خان کی توجہ حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہوگئی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک صارف نے یہ ویڈیو شیئر کی اور کنگ خان کو ٹیگ کرتے ہوئے ان کے ڈانس کے بارے میں رائے جاننا چاہی۔
کنگ خان نے بھی ویڈیو کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ری شیئر کیا اور ان کے ڈانس اسٹیپس کی خوب تعریف کی۔