کسی وزیر کی خواہش پر آصف زرداری یا فریال تالپورکو گرفتار نہیں کیا جاسکتا، نیب


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کسی وزیر با تدبیر کی خواہش پر آصف زرداری یا فریال تالپور کو گرفتار نہیں کیا جاسکتا۔

 ترجمان نیب کے مطابق کسی وزیر کی خواہش پر نہ ہی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو گرفتار کیا جاسکتا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ نیب کو سپریم کورٹ کے فیصلے کی مصدقہ نقول تاحال نہیں ملی اور سپریم کورٹ کے مصدقہ فیصلے کی روشنی میں قانون راستہ خود بنائے گا لہٰذا سست روی کے تاثر کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔

ترجمان نیب کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات کے بیانات اور انٹرویو کے متن پیمرا سے طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں دیکھا جائے گا یہ بیانات نیب پر بلاواسطہ یا بالواسطہ اثر انداز ہونے کی کوشش تو نہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات کی شاعرانہ تنقید

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے نیب کے اعلامیے پر شاعرانہ انداز میں تنقید کی ہے۔

انہوں نے ٹوئٹر پر نیب اعلامیہ پوسٹ کرتے ہوئے معروف شاعر مرزا غالب کا شعر  ’ہر ایک بات پہ کہتے ہو تم کہ تو کیا ہے۔۔۔ تمہیں کہو کہ یہ انداز گفتگو کیا ہے‘ لکھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کراچی آمد پر میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ آصف زرداری اور فریال تالپور کو گرفتار کرکے تفتیش آگے بڑھائی جانی چاہیے، پارلیمنٹ میں اجلاس تھا ورنہ نیب کیلئے اچھاموقع تھا کہ چھاپہ مارکر سب کو پکڑ لیتے۔


اپنا تبصرہ لکھیں