کسٹمز کی کارروائی، 2 کروڑ مالیت کی غیرملکی ممنوعہ اشیا برآمد

کسٹمز کی کارروائی، 2 کروڑ مالیت کی غیرملکی ممنوعہ اشیا برآمد


کراچی: 

ڈائریکٹوریٹ کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کراچی نے ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے2 کروڑروپے مالیت کی بھارتی ممنوعہ اشیا کے ساتھ غیرملکی سگریٹیں برآمد کرلی ہے۔

ڈائریکٹوریٹ کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کراچی نے 190 پیکیٹس بھارتی تارا فلٹر خانی، بھارتی کپڑے کے 91 رولز، 2530 کلوگرام بھارتی چھالیہ کے علاوہ غیرملکی سگریٹس کے60کارٹن، متحدہ عرب امارات اوریجن کے برانڈڈ شیشہ فلیورز کے 85 کارٹن برآمد کرلیے۔

ذرائع نے بتایاکہ ڈائریکٹوریٹ کوایک خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ کسٹم ہاؤس کراچی سے متصل پاک انٹرنیشنل گڈز ٹرانسپورٹ کمپنی کا دفتراور اس کا گودام اسمگل شدہ اشیا کا ڈمپنگ پوائنٹ ہے جہاں سے مختلف مقامی مارکیٹوں کیلیے اسمگلڈ اشیاء کی منظم انداز میں ترسیل ہوتی ہے۔

کسٹمزانٹیلیجنس کراچی کے ڈائریکٹر عرفان جاویدنے ایکسپریس بتایاکہ مذکورہ کمپنی کے گودام پر چھاپے کے دوران گودام میں موجود افراد کے پاس مذکورہ اشیاء کی دستاویزات موجود نہیں تھیں جبکہ ان اشیا کے حقیقی مالکان چھاپہ مار ٹیم کے گودام پہچنے سے قبل ہی فرارہوچکے تھے۔

انھوں نے بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ نے برآمدشدہ ممنوعہ واسمگل شدہ سازوسامان ضبط کرلیا ہے اور اس امرکی تحقیقات شروع کر دی ہیں کہ برآمدہونے والی اشیاء پاکستان سے افغانستان پہنچ کر واپس کراچی بھیجی گئی ہیں یا پھر افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا یہ سامان کراچی میں ہی کھول لیا گیا ہے۔

ضبط کیے گئے غیرملکی سگریٹوں کی مالیت 54 لاکھ روپے، شیشہ فلیور کی مالیت 39 لاکھ روپے، چھالیہ کی مالیت 50 لاکھ روپے اور کپڑے کی مالیت 45 لاکھ روپے سے زائد ہے۔ڈائریکٹوریٹ نے مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں