مراٹھی فلمساز مہیش تلیکر نے بالی ووڈ کی معروف ہیروئن اور سیف علی خان کی اہلیہ کرینہ کپور خان اور اداکارہ رادھیکا آپٹے پر الزام عائد کیا ہے کہ دونوں اپنے پرستاروں اور ساتھی اداکاروں کو نظر انداز کرتی ہیں۔
مہیش تلیکر نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل انسٹاگرام پر پیر کو جاری کیے گئے ایک طویل پوسٹ میں مزید کہا کہ انھوں نے جو کچھ محسوس کیا وہ بیان کر دیا۔
واضح رہے کہ مہیش تلیکر اپنی فلموں لاڈھی گودھی، گاؤن تاسا چھانگلہ، ون روم کچن اور گھر گرہستی کے حوالے سے جانے جاتے ہیں۔
مہیش نے سوشل میڈیا پر بالی ووڈ کے اے لسٹر سلیبریٹیز کے رویے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ 8 برس قبل کرینہ کپور ان کی مراٹھی فلمی کمپنی کے ساتھ سفر کر رہی تھیں تو اس دوران انہوں نے ایک ساتھی اداکارہ کے ساتھ تصویر بنوانے تک سے انکار کر دیا تھا، حالانکہ کرینہ نے اس اداکارہ کے ساتھ ماضی میں کام کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سلیبریٹیز جب اپنی او ٹی ٹی کی پروموشن کے لیے نکلتے ہیں تو انہیں فینز کے ساتھ گھلنے ملنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہوتا، لیکن جب اپنا مطلب پورا ہوجائے تو پھر یہ غیر مہذبانہ رویہ اپنا لیتے ہیں۔
اسی طرح رادھیکا آپٹے کہتی ہیں کہ انہیں آٹو گراف دینا یا لوگوں کے ساتھ سیلفی بنوانا پسند نہیں ہے، لیکن چند روز قبل وہ اپنی ہندی فلم کی پروموشن کے دوران مشہور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے ساتھ سلیفیاں بنواتی دیکھی گئیں۔