کرپشن الزامات: اسرائیلی وزیراعظم کا ٹرائل 17 مارچ سے شروع ہوگا


اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف کرپشن کے الزامات پر ٹرائل 17 مارچ سے شروع ہوگا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کی عدالت نے وزیراعظم نیتن یاہو پر عائد کرپشن کے الزامات کا ٹرائل ملک میں ہونے والے عام انتخابات کے 2 ہفتے بعد 17 مارچ سے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اسرائیلی عدالت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ کیس کی ابتدائی سماعت میں وزیراعظم نیتن یاہو پیش ہوسکتے ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو پر رشوت، دھوکا دہی اور ارب پتی دوستوں سے فوائد لینے کے الزامات ہیں جب کہ عدالت ان پر فرد جرم بھی عائد کرچکی ہے تاہم نیتن یاہو نے اپنے اوپر عائد تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں سیاسی انتقام قرار دیا ہے۔

اسرائیلی قوانین کے مطابق موجودہ وزیراعظم کی نااہلی کے لیے کسی بھی جرم میں ایک مرتبہ سزا مطلوب ہوتی ہے جس کے بعد اپیل کے تمام راستے بند ہوجاتے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل میں ایک سال کے دوران تیسری مرتبہ ہونے والے پارلیمانی انتخابات 2 مارچ کو ہوں گے، اس سے قبل دو مرتبہ ہونے والے انتخابات کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوسکا۔

اسرائیلی سیاست میں قدم رکھنے والے اسرائیلی فوج کے سابق چیف اور بلیو اینڈ وائٹ پارٹی کے سربراہ بینی گینٹز کا کہنا ہےکہ نیتن یاہو نے اپنی انتخابی مہم میں کرپشن کے الزامات سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی، بطور وزیراعظم قانونی کارروائی کا سامنے کرتے ہوئے نیتن یاہو وزیراعظم رہنے کے اہل نہیں ہیں۔

بینی گینٹز نے ستمبر میں ہونے والے والے انتخابات کے بعد نیتن یاہو کی سربراہی میں مخلوط حکومت بنانے سے انکار کردیا تھا اور ان کا کہنا تھا کہ نیتن ہایو کو اقتدار میں آنے سے پہلے عدلیہ کے ساتھ اپنے معاملات کو درست کرنا چاہیے۔


اپنا تبصرہ لکھیں