لندن: شدید کساد بازاری کا شکار برطانیہ کو ایک نئی وبا کا سامنا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں پولٹری فارم میں کام کرنے والے دو افراد میں برڈ فلو وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے۔
برطانوی ہیلتھ سیفٹی ایجنسی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پولٹری فارم میں کام کرنے والے دو افراد کے برڈ فلو کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں تاہم ان میں انسان سے انسان میں منتقل ہونے کی کوئی علامت موجود نہیں، ان مریضوں کو حفاظتی تدابیر کے طور پر آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔
برڈ فلو کے پھیلاؤ سے متعلق یو کے ایچ ایس اے پروفیسر سوسن ہاپکنز کا کہنا تھا کہ موجودہ اشارے یہ بتاتے ہیں کہ برڈ فلو وائرس جو ہم دنیا بھر کے پرندوں میں گردش کرتے دیکھتے ہیں وہ انسانوں میں آسانی سے نہیں پھیلتا۔
انہوں نے کہا کہ یہ خطرہ موجود ہے کہ وائرس متاثرہ پرندوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے والے افراد میں پھیل سکتا ہے اور اس لیے وائرس سے متاثر ہونے والوں سے بیماری کے خطرات کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ کم وبیش ڈیڑھ سال سے زائد وقفے کے بعد برطانیہ میں برڈ فلو کا کیس ظاہر ہوا ہے اس سے قبل جنوری دو ہزار بائیس میں پولٹری فارم سے انسانوں میں برڈ فلو کی منتقلی کا ایک کیس سامنے آیا تھا۔
اسی تناظر میں برطانیہ نے اکتوبر دو ہزار بائیس میں برڈ فلو کیسز کو قابو میں کرنے کے لئے ملک بھر میں “برڈ فلو سد باب زون” کا اعلان کیا تھا۔