بھارتی معروف ہدایتکار کرن جوہر نے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور کی نئی فلم ’اینیمل‘ کو سال 2023 کی بہترین فلم قرار دے دیا ہے۔
بھارتی میڈیا سائٹ ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق کرن جوہر نے ہدایتکار سندیپ ریڈی وانگا کی فلم ’اینیمل‘ کی تعریف کرتے ہوئے اسے گزشتہ سال کی بہترین فلم قرار دیا ہے۔
کرن جوہر نے ناصرف فلم کے سین بلکہ اس کی کہانی کی بھی تعریف کی ہے۔
معروف ہدایتکار نے فلم ’اینیمل‘ کو ’گیم چینجر‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے یہ فلم دو بار دیکھی ہے اور اس دوران اُن کی آنکھوں سے آنسوں بھی جھلک گئے تھے۔
فلم ’اینیمل‘ میں اِنہیں سب سے زیادہ کیا پسند آیا اس سے متعلق بات کرتے ہوئے کرن جوہر نے انکشاف کیا کہ اُنہیں اس فلم کے اسکرین پلے نے سب سے زیادہ متاثر کیا ہے جبکہ اس فلم کے مناظر میں تال میل بھی کمال کا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں نے فلم اینیمل کو دو بار دیکھا، پہلی بار ناظرین کے کہنے پر جبکہ دوسری بار اس فلم کا بغور جائزہ لینے کے لیے، میرے خیال میں اس فلم کی کامیابی اور مقبولیت فلم بینوں کے نظریے کو بدلنے والی ہے۔‘
یاد رہے کہ شاہ رُخ خان کی فلم ’جوان‘ کے بعد رنبیر کپور کی فلم ’اینیمل‘ 2023ء کی دوسری بڑی، سب سے زیادہ کمانے والی فلم بن چکی ہے۔
فلم ’اینیمل‘ نے شاہ رُخ خان کی ایکشن فلم ’پٹھان‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔