انسیپشن وہ فلم ہے جس کو دیکھنے والا اسے بھول نہیں پاتا تو کیا آپ اس جیسی بلکہ اس سے بھی زیادہ بہتر فلم کے لیے تیار ہیں؟
ڈارک نائٹ سیریز، انسیپشن، ڈنکرک اور انٹرسٹیلر سمیت متعدد سپر ہٹ فلموں کے ہدایتکار کرسٹوفر نولان تین سال بعد ایک بار پھر اپنا سحر طاری کرنے کے لیے واپس آرہے ہیں۔
اس معروف ہولی وڈ ڈائریکٹر کی نئی فلم ٹینیٹ (Tenet) کا پہلا ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے (جو آپ نیچے دیکھ سکتے ہیں)۔
بین الاقوامی جاسوسوں کی دنیا کی اس فلم میں ڈائریکٹر کی 11 فلم کی کہانی پر کچھ روشنی ڈالی گئی ہے جسے کافی عرصے سے چھپا کر رکھا جارہا تھا۔
ٹریلر سے لگتا ہے کہ اداکار جان ڈیوڈ واشنگٹن کا کردار تیسری جنگ عظیم کو روکنے کی کوشش کررہا ہے مگر کس سے، یہ واضح نہیں۔
کرسٹوفر نولان کی اس فلم میں ایسا لگتا ہے جیسے ٹائم ٹریول کے ذریعے مرکزی کردار اپنا مقصد حاصل کرنے کی کوشش کرے گا اور یہ فلم 7 مختلف ممالک میں شوٹ کی گئی ہے۔
2017 کی ڈنکرک کے برعکس، جو دوسری جنگ عظیم کے گرد گھومتی تھی، ٹینیٹ کرسٹوفر نولان کی سابقہ فلموں جیسی ہے خصوصاً انسیپشن کا تاثر بہت مضبوط ہے جو 2010 میں ریلیز ہوئی تھی۔
یہاں تک کہ نئی فلم کا پوسٹر بھی انسیپشن جیسا تاثر دیتا ہے۔
اس فلم کا زیادہ بڑا ٹریلر اسٹار وار دی رائز آف اسکائی واکر کے ساتھ مخصوص آئی میکس سنیماﺅں میں ریلیز کیا گیا ہے۔
اس فلم کی کہانی بھی ڈائریکٹر کی ماضی کی فلموں جیسی ہوگی جن میں الجھنیں، معمے اور ذہن گھما دینے والے موڑ ناظرین کو اپنی نشستوں پر بیٹھنے پر مجبور کردیتے ہیں۔
یہ فلم 17 جولائی 2020 کو دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔