کراچی کے علاقے گلستان جوہر کے علاقے شیر محمد گوٹھ میں ایک خاتون، 3 بچوں کی گلہ کتی لاشیں برآمد ہوئیں، پولیس نے قتل کے شبہے میں شوہر ارشد علی کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق جمعرات کی صبح ایک عورت اور اس کے دوبیٹوں اور ایک بیٹی سمیت 3 افراد کی گلہ کٹی لاشیں بلاک 5 شیر محمد گوٹھ سے برآمد ہوئیں۔
گلستان جوہر تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) فہد الحسین کا کہنا تھا کہ پولیس نے ارشد علی کو اپنی اہلیہ اور تین بچوں کے قتل کے الزام میں حراست میں لے لیا ہے کیونکہ ملزم کے سسر نے ارشد علی کے واقعے میں ملوث ہونے کا خدشہ ظاہر کیا، ساتھ ہی ابتدائی تحقیقات کے دوران ملزم 3 دفعہ اپنا بیان بدل چکا ہے۔
ایس ایچ او نے کہا کہ مددگار 15 پر واقعے کی اطلاع ملتے ہی وہ جائے وقوعہ پر پہنچے، جب پولیس ٹیم گھر میں پہنچی تو ارشد علی بظاہر ایک عام انسان کی طرح پیش آیا، وہ مطمئن تھا اور اسے کوئی افسوس نہیں تھا۔
پولیس نے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے لیے لاشیں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کردیں، پولیس کے کرائم سین یونٹ کو بلایا گیا جنہوں نے جائے وقوعہ سے ایک خون لگے چاقو سمیت دیگر شواہد جمع کیے۔
پولیس کے مطابق انہوں ملزم کو تحقیقات کے لیے بلایا تھا، ارشد علی نے ابتدائی طور پر بتایا کہ وہ بدھ کو 8 بجے اپنے ماموں کے گھر گیا اور جب وہ رات کے 2 بجے گھر واپس آیا تو اس نے اپنی اہلیہ اور تینوں بچوں کو گلہ کٹے مردہ حالت میں پایا۔
مزید تفتیش کرنے پر ملزم نے بتایا کہ وہ گزشتہ 20 سالوں سے کرسٹل نشے کا عادی ہے اور وہی لینے گیا تھا، ملزم کے تیزی سے بیان بدلنے کی وجہ سے پولیس نے اسے حراست میں لے لیا، ملزم کے سسر نے بھی پولیس کو آگاہ کیا کہ ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں، اس کے علاوہ پڑوسیوں نے بھی تحقیقاتی افسران کو چند شواہد فراہم کیے۔
ملزم ایک کیبل نیٹ دوکان کا مالک ہے، اس کے علاوہ ملزم اسی علاقے میں کرائے پر دیےگئے تین گھروں کا بھی مالک ہے، افسر نے کہا کہ وہ قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد متاثرہ خاتون کے والد کی شکایت پر ارشد علی کو باضابطہ طور پر گرفتار کریں گے۔
’مقابلے‘ میں مشتبہ شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا
دوسری جانب جمعرات کو اورنگی ٹاؤن میں مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو مارا گیا۔
پاکستان بازار پولیس کے ایس ایچ او شکیل رند نے بتایا کہ سیکٹر ساڑھے 11 میں اسلام چوک پر دو ملزمان لوٹ مار کر رہے تھے کہ علاقے میں گشت کرنے والے چار پولیس اہلکار وہاں پہنچے، پولیس اہلکاروں کو دیکھ کر ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش میں فائرنگ شروع کر دی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے میں28 سالہ مبینہ ڈاکو دانش شمشیر مارا گیا جبکہ اس کے ساتھی ایاز سعید کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے، پولیس نے ان کے قبضے سے 2 پستول، ایک موٹر سائیکل اور چھینے گئے چار موبائل فون برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ، لاش اور زخمیوں کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔