کراچی کو کوئی وفاق کے حوالے نہیں کرسکتا: وزیراعلیٰ سندھ


کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کو کوئی وفاق کے حوالے نہیں کرسکتا۔

کشمور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نےکہا کہ سندھ بھر میں ریکارڈ بارشیں ہوئیں اور 25 لاکھ لوگ متاثر ہوئے، ہم متاثرین کوکھانا اور ٹینٹ فراہم کر رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی کو کوئی وفاق کے حوالے نہیں کر سکتا۔

وزیراعلیٰ سندھ کا وزیراعظم کے نام خط

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم کے نام ایک اور خط لکھا ہے جس میں سندھ میں بارشوں سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 5 لاکھ اور زخمیوں کو 2 لاکھ روپے امداد دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

مراد علی شاہ نے کاشت کاروں کے نقصانات کے ازالے کے لیے زرعی ترقیاتی بینک کے قرضے معاف کرنے اور ادائیگیاں مؤخرکرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہےکہ حالیہ طوفانی بارشوں سے متاثرہ خاندانوں کیلئے ایک لاکھ روپے نقد امداد دی جائے،  ہر متاثرہ خاندان کو کیش ٹرانسفر کےذریعے ایک لاکھ روپے امداد دی جائے۔

وزیراعلیٰ نے وفاق سے صوبے کے آبپاشی نظام کی بہتری کے لیے مدد بھی طلب کرتے ہوئےکہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں اور طوفانی بارشوں سے نہری نظام بری طرح متاثر ہے، عالمی ماہرین نے سندھ میں دریاؤں اور آبپاشی نظام کی بحالی کے لیے جامع پلان دیا ہے، سندھ حکومت تنہا آبپاشی نظام کی بحالی کا کام نہیں کرسکتی،  وفاق سندھ میں دریا ااور نہروں کے نظام کی بہتری کے لیے 43 ارب روپے فراہم کرے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ شدید مالیاتی مشکلات کے سبب آبپاشی نظام پر خطیر رقم خرچ نہیں کرسکتے لہٰذا  وفاقی حکومت سندھ میں آبپاشی نظام کی بحالی کے منصوبے پر خود کام کرے، عالمی ماہرین کی رپورٹ پر کام ہوا تو آئندہ سالوں میں نقصانات کم ہوں گے۔

.کراچی: امید ہے وزیراعظم پاکستان مدد کریں گے، وزیر اعلیٰ سندھ کا وزیر اعظم کو خط


اپنا تبصرہ لکھیں