کراچی کنگز کے 156 رنز کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ


کراچی: 

پاکستان سپر لیگ 5 کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو جیت کے لیے 157 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں کوئٹہ کی بیٹنگ جاری ہے۔ 

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 156 رنز بنائے جس کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شین واٹسن اور جیسن روئے نے اننگز کا آغاز کیا۔

اس سے قبل کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کراچی کنگز میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور محمد رضوان کی جگہ ایلکس ہیلز کو شامل کیا گیا ہے جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں میں احسان علی کی جگہ انور علی اور فواد احمد کی جگہ نسیم شاہ کو پلینگ الیون میں شامل کیا گیا۔

کراچی کنگز کی جانب سے بابراعظم اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم شرجیل صرف 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، بابراعظم 26 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے جب کہ پی ایس ایل کے اس سیزن میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے الیکس ہیلز 29 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

کیمرون ڈیلپورٹ 22 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین واپس لوٹے تاہم چاڈوک والٹن ایک رنز بنانے کے بعد بدقسمتی سے رن آؤٹ ہوگئے، کپتان عماد وسیم بھی 8 رنز ہی بناسکے، کرس جورڈن نے 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ افتخار احمد 25 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین نے 3، ٹائمل ملز نے 2 جب کہ سہیل خان اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اب تک 2 میچز کھیل چکی ہے، پہلے میچ میں اس نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دی تھی جب کہ دوسرے میچ میں پشاور زلمی سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں