کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 7 میں گھات لگائے ملزمان کی جانب سے پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی کی گاڑی پر کی گئی فائرنگ سے ایم پی اے کے بھائی اکرم ابڑو اور بھتیجا جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق فائرنگ پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی اسلم ابڑو کی گاڑی پر کی گئی، گاڑی میں رکن اسمبلی کے بھائی اور بھتیجے سوار تھے۔
واقعے کے بعد زخمیوں کو طبی امداد کے لیے جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ایس ایس پی ساؤتھ سید اسد رضا نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ تقریباً 11 بج کر 15 منٹ پر اکرم ابڑو 4 افراد کے ساتھ خیابان شمشیر ڈی ایچ اے میں واقع اپنی رہائش گاہ سے گاڑی میں سوار ہو کر جیکب آباد کے لیے روانہ ہوئے۔
سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ جب وہ کورنگی کاز وے کے قریب پہنچے تو تقریبا 11 بج کر 35 منٹ پر ان کی گاڑی پر نامعلوم حملہ آوروں نے گھات لگا کر فائرنگ کردی۔
انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد شدید زخمی ہوگئے، زخمیوں کو فوری پر طبی امداد کے لیے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اسد رضا نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں 65 سالہ اکرم ابڑو اور 40 سالہ شہریار ابڑو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے 2 افراد میں 45 سالہ عبداللہ ابڑو اور 40 سالہ ارشاد پنہور شامل ہیں۔
ایس ایس پی ساؤٹھ نے بتایا کہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور مزید تفتیش کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کو چیک کیا جا رہا ہے۔
اسد رضا نے کہا کہ کرائم سین یونٹ کی ٹیم کو جاۓ وقوع پر طلب کرلیا گیا ہے اور وقوعہ سے متعلق شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔
بلاول بھٹو کی اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے کے قتل کی مذمت
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین، وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے رکنِ سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اکرم ابڑو اور شہریار ابڑو کا بہیمانہ قتل دہشت گردی ہے، قاتل جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسلم ابڑو سمیت سوگوار خاندان کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں، اللہ تعالیٰ انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے، دعاگو ہوں، اللہ تعالیٰ اکرم ابڑو شہید اور شہریار ابڑو شہید کو بلند درجات عطا فرمائے،
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واقعے میں زخمی ہونے والوں کے لیے بھی جلد صحتیابی کی دعا کی۔