کراچی میں لاک ڈاؤن کے باعث دودھ کی فی لیٹر قیمت 80 روپے پر آگئی


کراچی میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے دودھ کی فی لیٹر قیمت 110 سے 80  روپے پر آگئی۔

کراچی میں کورونا وائرس  کے باعث لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے اور شہر میں ہوٹل اور چائے خانے بند ہونے سے  دودھ کی طلب و رسد میں بھی فرق آیا ہے۔

دودھ کی فروخت میں کمی آنے سے نہ صرف  دودھ منڈی  میں قیمتوں میں کمی آئی ہے بلکہ شہر کی مختلف دکانوں پر بھی دودھ  معمول سے کم قیمت پر فروخت  ہورہا ہے۔

دکانداروں کا کہنا ہے کہ دودھ کو زیادہ دیر تک محفوظ نہیں رکھ سکتے اس لیے اس کی جلد فروخت کے لیے قیمتیں کم کی گئی ہیں۔

شہر کے بعض علاقوں میں اب بھی دودھ 110 روپے فی لیٹر میں فروخت ہورہا ہے تو متعدد جگہوں پر 80 روپے اور کہیں اس سے بھی کم قیمت پر مل رہا ہے۔

خیال رہے کہ  سندھ حکومت کے نئے حکم نامے کے تحت آج دکانیں 5 بجے بند کردی گئیں تاہم صرف اسپتالوں کے قریب واقع میڈیکل اسٹورز کو کھلا رکھے کی اجازت ہے۔

حکومت کوئی بھی فیصلہ کرتے ہوئے اعتماد میں لے،ڈیری فارمرز

دوسری جانب کراچی ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ وہ حکومت کے ہر فیصلے کا احترام کرتے ہیں اورحکومت سندھ کے ساتھ کھڑے ہیں تاہم  کوئی بھی فیصلہ کرتے ہوئے ہمیں اعتماد میں لیا جائے تاکہ مسائل کا مقابلہ کرسکیں۔

ڈیری فارمرز کا کہنا ہے کہ درست منصوبہ بندی کے بغیر فیصلوں سے دودھ کی قیمت میں آنے والے دنوں میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے سندھ حکومت نے 23 مارچ سے 15 روز کیلئے صوبے میں لاک ڈاؤن کررکھا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں