کراچی میں صبح سویرے بارش، شہر میں ٹھنڈی ہواؤں کا ڈیرہ

کراچی میں صبح سویرے بارش، شہر میں ٹھنڈی ہواؤں کا ڈیرہ


کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے کہیں ہلکی اور کہیں تیز  بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

شہر قائد میں لانڈھی، کورنگی، شارع فیصل، ٹیپو سلطان، گلشن اقبال اور ناظم آباد میں رات گئے سے  ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

بارش کے باعث سڑکوں پر موٹر سائیکل پھسلن کے کئی واقعات بھی پیش آئے جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز سے جاری ہلکی بارش کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا۔

گزشتہ روز  سے اب  تک سرجانی ٹاؤن میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے جب کہ نارتھ کراچی میں صفر اعشاریہ 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں مغربی ہواؤں کے سسٹم کے باعث آج رات سے 13 دسمبر تک شہر میں ہلکی و معتدل بارش متوقع ہے۔

دوسری جانب پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بادل برسے جس کے بعد سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

مری میں پہاڑوں پر بر فباری کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جب کہ  دیامر کے بالائی مقامات، بابو سر ٹاپ اور نانگا پربت پر بھی  وقفے وقفے سے برف باری جاری ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں