امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مخالف سیاسی امیدوار پر وار کرتے ہوئے کہا کہ بیٹو او رورکے کتے کی طرح میدان چھوڑ کر بھاگ گیا۔
امریکی ریاست ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے سابق کانگریس رہنما بیٹو او رورکے ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے متوقع صدارتی امیدواروں کی دوڑ میں شامل تھے۔
رواں برس اگست میں الپاسو میں ہونے والے قتل عام کے بعد بیٹو او رورکے نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
بیٹو او رورکے کا کہنا تھا کہ لوگوں کا قتل ڈونلڈ ٹرمپ کی مہاجرین مخالف پالیسی کا ہی نتیجہ ہے۔
گزشتہ روز بیٹو او رورکے نے صدارتی مہم سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی الیکشن مہم کامیاب نہیں رہی اس لیے خود کو صدارتی دوڑ سے علیحدہ کر رہا ہوں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مخالف مدمقابل امیدوار کو الیکشن مہم ختم کرنے کے چند گھنٹے بعد ہی شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔
امریکی صدر نے بیٹو او رورکے کے حوالے سے غیر اخلاقی الفاط استعمال کرتے ہوئے کہا ’وہ کتے کی طرح بھاگ گیا‘۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے داعش کے سربراہ ابو بکر البغدادی کی ہلاکت کے بعد بھی کہا تھا کہ عالمی دہشت گرد تنظیم کا سربراہ ’کتے کی موت‘ مارا گیا۔