جیوٹی وی کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’الف‘ میں حسنِ جہاں کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ کبریٰ خان نے اپنی ایک پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ کیسے حسنِ جہاں کا کردار اُن کی حقیقی زندگی پر اثر انداز ہوا۔
کبریٰ خان نے حال ہی میں انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کرنے کے ساتھ ساتھ ایک طویل کیپشن کے ذریعے اپنے اس کردار کے حوالے سے بتایا۔
کبریٰ خان نے اپنی پوسٹ کے آغاز میں لکھا کہ ’میں نے حسنِ جہاں کے کردار میں اداکاری نہیں کی بلکہ میں اس کردار میں رہتی تھی‘۔
اداکارہ نے لکھا کہ ’ہر اداکار کی زندگی میں کم از کم ایک بار ایسا وقت ضرور آتا ہے اور وہ ایک کردار یا اسکرپٹ ہوتا ہے، جو اس کی زندگی کو بدل دیتا ہے، حسنِ جہاں کا کردار میرے لیے یہی لمحہ تھا جس نے مجھ پر گہرا اثر کیا‘۔
بریٰ خان نے حسن جہاں کے کردار سے سیکھنے کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ ’اس کردار نے مجھے ہمت کا سبق دیا کہ کیسے ایمان، صبر، لچکداری اور بے لوثی کی جانب گامزن ہوتے ہیں‘۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں مزید بتایا کہ ’یہ کردار ہمیشہ میرے لیے اہم ہوگا، بعد ازاں اداکارہ نے اس سفر کے لیے اللہ کا بے حد شکر ادا کیا‘۔