’کاروبار ٹھپ ہوگیا، شادی ہالز کو بھی ایس او پیز کے تحت کھولنے کی اجازت دی جائے‘


کراچی:  صدر میرج ہالز ایسوسی ایشن رانا رئیس نے حکومت سے اپیل کی ہے  دیگر کاروبار کی طرح  شادی ہالز کو بھی ایس او پیز کے تحت کھولنے کی اجازت دی جائے۔

رانا رئیس احمد کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے باعث شادی ہالز مالکان کا کاروبار ٹھپ ہوگیا ہے جس سے وہ شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔

صدر میرج ہال ایسوسی ایشن نے کہا کہ  شادی ہال ایسوسی ایشن نے ایس او پیز کے تحت ماڈل بینکوئٹ تیار کیا ہے جس کے تحت ہالز میں فاصلے سے کرسیاں رکھی جائیں گی،  مرکزی گیٹ پر ڈس انفیکشن گیٹ نصب ہو گا اور مہمانوں کو ٹیبل پر کھانا پیش کیا جائے گا۔

انھوں نے یقین دہانی کرائی کہ شادی ہالز میں ہر صورت ایس او پیز کا نفاذ کر سکتے ہیں اور  اگر خلاف ورزی کی گئی تو کارروائی کی جائے۔

صدر میرج ہال ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ  ہالز بند ہونے سے ہمارے ملازمین بے روزگار ہو گئے ہیں، 50 فیصد صنعتیں بھی متاثر ہو رہی ہیں جب کہ دیگر 150 شعبہ جات بھی بے روزگاری کا شکار ہیں۔

رانا رئیس نے مزید کہا کہ شادی ہالز بند ہونے سےگھروں میں شادیوں کا رجحان بڑھ گیا ہے، شادی ہالز کو ایس او پیز کے تحت کاروبار کی اجازت دی جائے کیونکہ شادی ہالز میں ایس او پیز پر بہتر طریقے سے عمل ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے ملک میں کورونا کے پیش نظر مختلف کاروبار کو لاک ڈاؤن کے دوران پیر سے جمعے تک کھولنے کی مشروط اجازت دی ہے جس میں شادی ہالز شامل نہیں ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں