کابل: افغانستان کے درالحکومت کابل میں وزارت مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے کمپاؤنڈ پر حملے میں 3 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 7 افراد ہلاک ہوگئے۔
افغان حکام کے مطابق حملہ آوروں نے وزارت مواصلات اور آئی ٹی کی عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی جس دوران سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں میں مقابلہ ہوا۔
حملہ آوروں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان مقابلہ کئی گھنٹے جاری رہا اور سیکیورٹی فورسز نے عمارت سے 2 ہزار سے زائد ملازمین کو بحفاظت نکالا۔
افغان وزرات داخلہ کے مطابق حملے میں 3 اہلکاروں سمیت 7 افراد ہلاک اور 8 شہری زخمی ہوئے جب کہ سیکیورٹی فورسز نے عمارت کو کلیئر کردیا ہے اور آپریشن میں 4 حملہ آور بھی مارے گئے ہیں۔