افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہونے والے خودکش حملے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق خودکش حملہ کابل میں واقع ملٹری اکیڈمی کے قریب ہوا جس میں افغان وزارت داخلہ نے تین فوجیوں سمیت 5 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
ترجمان افغان وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ خودکش حملہ ڈیفنس یونیورسٹی مارشل فہیم ملٹری اکیڈمی کےداخلی حصے کے قریب صبح کے اوقات میں ہوا۔
ترجمان کے مطابق اب تک دھماکے کی ذمہ داری کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مارشل فہیم ملٹری اکیڈمی کو کئی بار نشانہ بنایا گیا اور گزشتہ سال مئی میں بھی اکیڈمی پر حملہ کیا گیا جس کی ذمے داری ایک شدت پسند گروپ نے قبول کی تھی۔
واضح رہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان امن معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے مذاکراتی عمل دوبارہ شروع کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں جب کہ طالبان کی جانب سے افغانستان میں حملے بھی مسلسل کیے جارہے ہیں۔