آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی میچز کے دوران سلیجنگ کرنے کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہیں اور ایسا لیگ میچز میں اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے خلاف بھی کرتے ہیں۔
گزشتہ روز بگ بیش لیگ کے میچ کے دوران سڈنی سکسرز کی جانب سے اوپننگ کرنے کے لیے اسٹیو اسمتھ جب کریز پر آئے تو مخالف ٹیم سڈنی تھنڈرز کے ڈیوڈ وارنر نے پیچھے سے بولنا شروع کردیا۔
ڈیوڈ وارنر کو اسٹیو اسمتھ سے کہتے ہوئے سنا گیا کہ کوئی چیز اسے پریشان نہیں کر رہی، کوئی چیز اسے کبھی بھی پریشان نہیں کرتی۔
اوپننگ کرنے کے لیے آئے اسٹیو اسمتھ جب گارڈ لینے لگے تو ڈیوڈ وارنر مسلسل ان کا دیہان بٹاتے رہے۔
ڈیوڈ وارنر کو کہتے سنا گیا کہ نہیں یہ درمیان نہیں ہے، تھوڑا سا دائیں طرف، اگر آپ پہلے بیٹنگ کریں گے تو آپ کو صحیح سے گارڈ لینا پڑے گا۔
ڈیوڈ وارنر کے باتوں کے دوران کمنٹیٹرز بھی ہنستے رہے۔
بعدازاں بظاہر ڈیوڈ وارنر کی جملے بازی کام کر گئی اور اسٹیو اسمتھ میچ کی پہلی ہی گیند پر اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش کرتے ہوئے کیچ آؤٹ ہوگئے۔
واضح رہے کہ یہ میچ اسٹیو اسمتھ کی ٹیم سڈنی سکسرز نے جیت لیا تھا۔