برسٹل:
افغانستان کے خلاف ورلڈ کپ میچ میں آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے طنزیہ فقروں پر اپنے کان بند کرلیے، انھوں نے پوری توجہ بیٹنگ پر مرکوز رکھتے ہوئے ناقابل شکست 89 رنز جڑ کر ٹیم کو 7 وکٹ کی فتح سے ہمکنار کیا۔
مقابلے کے دوران دوران اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کو کرائوڈ کے طنزیہ فقروں کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک بالکونی میں دو لڑکوں نے ’سینڈ پیپر‘ کی طرح لباس پہنا ہوا تھا، اس طرح وہ ان دونوں کھلاڑیوں کی جانب سے بال ٹیمپرنگ میں ملوث رہنے پر مذاق اڑا رہے تھے۔ گذشتہ برس دورئہ جنوبی افریقہ کے دوران بال ٹیمپرنگ میں ملوث ہونے پر اسمتھ اور وارنر دونوں پر 12، 12 ماہ کی پابندی عائد کردی گئی تھی، جس کے خاتمہ کے بعد دونوں اتوار کو اپناپہلا انٹرنیشنل میچ کھیل رہے تھے۔
افغان ٹیم 207 رنز پر آئوٹ ہوئی تھی جس کے جواب میں کینگروز نے3 وکٹ گنواکر 15 اوورز قبل ہدف حاصل کرلیا تھا۔ مین آف دی میچ وارنر کا کہنا تھا کہ اچھی بات یہ ہے کہ میں دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آیا اور اس سے اچھی بات یہ ہے کہ ہماری ٹے جیت گئی، یہ ایک مثبت فتح اور اب ہماری توجہ ویسٹ انڈیز کے خلاف مقابلے پر مرکوز ہوگئی ہے