ڈیجیٹل مردم شماری کا آغاز: چند روز میں 40 لاکھ افراد نے پورٹل استعمال کیا

ڈیجیٹل مردم شماری کا آغاز: چند روز میں 40 لاکھ افراد نے پورٹل استعمال کیا


آبادی اور گھروں کی ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کے عمل میں گزشتہ چند روز کے دوران پاکستان شماریات بیورو کے پورٹل پر 40 لاکھ لوگوں نے کلک کیا۔

اگرچہ فیلڈ میں مردم شماری یکم مارچ سے شروع ہوگی، 20 فروری کو لانچ کیے گئے پورٹل کے ذریعے خود کو شمار کرانے کا آپشن 3 مارچ تک قابل استعمال رہے گا۔

پاکستان شماریات بیورو کے رکن سرور گوندل نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ پورٹل پر لوگوں کی جانب سے صرف چند روز میں سامنے آنے والا رد عمل ’بہت زبردست‘ رہا، انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی ایشیا میں یہ اپنی نوعیت کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری ہے۔

تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ اس دوران کچھ معمولی مسائل بھی رپورٹ ہوئے جن سے قومی ڈیٹابیس اور رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کو آگاہ کردیا گیا ہے، نادرا ڈیجیٹل مردم شماری کے لیے استعمال ٹیکنالوجی کی دیکھ بھال کر رہا ہے۔

سندھ خاص طور پر کراچی، بلوچستان اور کچھ دیگر علاقوں سے اس عمل پر اٹھائے جانے والے خدشات سے متعلق سوالات کا جواب دیتے ہوئے سرور گوندل نے کہا کہ مردم شماری کے بڑے اور اہم کام سے قبل ڈیجیٹل مردم شماری کی وضاحت کے لیے خاص طور پر صوبائی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ طویل مشاورت کی گئی۔

ڈیجیٹل مردم شماری سے متعلق جن خدشات کو اٹھایا جارہا ہے ان کی وجہ مردم شماری کے طریقہ کار کی سمجھ بوجھ کی کمی ہے۔

سوالات کے جواب دیتے ہوئے سرور گوندل نے ان اقدامات کی تفصیلات بھی شیئر کیں کہ کس طرح ڈیٹا کی حفاظت اور تحفظ کو یقینی بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تربیت یافتہ ایک لاکھ عہدیدار مردم شماری سے متعلق معلومات کے اندراج اور اسٹرکچر کو جیو ٹیگ کرنے کے لیے ٹیبلیٹ کا استعمال کریں گے۔


اپنا تبصرہ لکھیں