ڈھلتی عمر میں حفیظ کی بیٹنگ پر عروج آگیا


 کراچی: 

 ڈھلتی عمر میں محمد حفیظ کی بیٹنگ پر عروج آگیا، گذشتہ 15 ٹی 20 میں حیرت انگیز طور پر تسلسل سے رنز بنا چکے ہیں، وہ 40 ویں سالگرہ منانے کے بعد ففٹی اسکور کرنے والے آئی سی سی کے پہلے فل ممبر پلیئر بن گئے،وہ 99 رنز ناٹ آؤٹ بنانے والے دنیا کے تیسرے بیٹسمین بھی ہیں۔تفصیلات کے مطابق محمد حفیظ کی بڑھتی عمر میں حیران کن طور پر بیٹنگ بہترین ہوتی جارہی ہے، وہ حالیہ کچھ عرصے سے ٹوئنٹی 20 میں مستقل مزاجی سے رنز بنا کررہے ہیں، گذشتہ 15 ٹی 20 انٹرنیشنلز میں انھوں نے 88 کی اوسط اور 148 کے اسٹرائیک ریٹ سے 617 رنز بنائے ہیں، جس میں 28 چھکے شامل ہیں۔

ہوم اور اوے دونوں وینیوز پر بہترین حریف سائیڈز کے خلاف انھوں نے رنز اسکور کیے ہیں۔ گذشتہ روز نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹی 20 میں وہ ایک رن کی کمی سے سنچری مکمل نہ کر پائے، اس طرح حفیظ مختصر ترین فارمیٹ میں ناٹ آؤٹ 99 رنز بنانے والے تیسرے کرکٹر بنے، ان سے قبل لیوک رائٹ اور ڈیوڈ مالان بھی اتنے اسکور پر ناقابل شکست رہے تھے۔ یہ کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کا اس طرز میں دوسرا بڑا اسکور ہے، قومی ٹاپ اسکورر لسٹ میں احمد شہزاد 111 رنز کے ساتھ ٹاپ پر ہیں۔

تیسرے نمبر پر بھی احمد ہی 98 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ موجود ہیں، انھوں نے یہ اننگز بنگلہ دیش اور زمبابوے کے خلاف کھیلیں جبکہ چوتھے نمبرپر موجود بابراعظم نے ناٹ آؤٹ 97 رنز ویسٹ انڈیز سے میچ میں بنائے تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ محمد حفیظ کے ناٹ آؤٹ 99 رنز 40 برس یا اس سے زائد عمر میں کسی کھلاڑی کی جانب سے کھیلی جانے والی سب سے بڑی ٹی 20 انٹرنیشنل اننگز ہے، وہ 40 ویں سالگرہ منانے کے بعد اس طرز میں ففٹی اسکور کرنے والے پہلے فل ممبر پلیئر ہیں، ان سے قبل مالٹا اور لکسمبرگ کے 2 پلیئرز یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں