ڈریسنگ روم میں بھارت کیخلاف میچ پر بات کرنے پر پابندی ہے، محمد حارث


پاکستان شاہینز ٹیم کے کپتان محمد حارث کا کہنا ہے کہ ڈریسنگ روم میں بھارت کے خلاف میچ پر بات کرنے پر پابندی عائد ہے۔ ایمرجنگ ایشیاء کپ میں ہدف صرف بھارتی نہیں بلکہ تمام ہی ٹیمیں ہیں۔ ڈرسنگ روم میں بھارت کی بات کرکے پریشر نہیں بنانا چاہتے۔

خیال رہے کہ ایمرجنگ ایشیا کپ میں پاکستان شاہینز 19 اکتوبر سے اومان میں بھارت اے سے مقابلہ کرے گی۔

نیشنل اسٹیدیم میں میڈیا سے گفتگو میں پاکستان شاہینز ٹیم کے کپتان محمد حارث نے کہا کہ ایمرجنگ ایشیا کپ میں صرف بھارتی ٹیم سے ہی مقابلہ نہیں ہے وہاں اور بھی ٹیمیں ہیں، سب کو ہی شکست دینا ہوگی۔

محمد حارث نے بتایا کہ انہوں نے اور کوچ عمر رشید نے ڈرسنگ روم میں بھارت سے مقابلے پر بات کرنے پر پابندی عائد کی ہوئی ہے کیونکہ کوچ عمر رشید سخت مخالف ہیں کہ ڈرسنگ روم میں صرف بھارتی ٹیم سے مقابلے پر بات کی جائے، بھارت کیخلاف میچ کا سوچ کر کھلاڑیوں پر پریشر آجاتا ہے بھارت کا پریشر پلیئرز پر نہیں ڈالنا۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے بطور کپتان اور ہیڈ کوچ نے بھارت کے حوالے سے بات کرنے پر پابندی عائد کی ہے۔

قومی ایمرجنگ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ایمرجنگ ایشیا کپ کیلئے تیاریاں بھرپور ہیں۔ امید ہے اپنے ٹائٹل کو ڈیفنڈ کر سکیں گے۔ صرف بھارت ہی پر فوکس نہیں ہوگا دیگر ٹیموں کے ساتھ بھی مقابلے ہیں ہر ٹیم کیخلاف ہمارا پلان الگ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے سال بھی کپتان تھا، ابھی تک کپتانی کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔ پی سی بی نے مجھے مختلف ٹیموں کا کپتان بنایا ہے، میرا فوکس ایمرجنگ ایشیا کپ پر ہے کپتانی کا ابھی نہیں سوچا۔

اپنی بیٹنگ پوزیشن پر بات کرتے ہوئے محمد حارث نے کہا کہ جہاں ٹیم کو ضرورت ہوگی وہاں کھیلوں گا۔ پاکستان شاہینز میں اوپننگ پیئر کا مسئلہ ہے اس لیے اوپننگ کروں گا۔ ہمارے کھلاڑی فٹ ہیں، کھلاڑیوں کی فٹنس بھرپور ہے۔

انہوں نے کہا کہ مینز اور ویمنز ٹیم کے ساتھ ہمارا کوئی تعلق نہیں۔ ہمارا پورا فوکس ایمرجنگ ایشیا کپ پر ہے۔

انکا کہنا تھا کہ ہم شکست سے نہیں ڈرتے، ایمرجنگ میں سیکھنا اہم ہے، ایمرجنگ ٹیم کی کپتانی کرنا مختلف تجربہ ہے۔ چیمپئنز ون ڈے کپ میں سینئر کھلاڑیوں کی بھی کپتانی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں