ڈالر کی قدر میں 2 روز سے جاری اضافے کا سلسلہ رک گیا، پاکستانی کرنسی 1.48 روپے مہنگی

ڈالر کی قدر میں 2 روز سے جاری اضافے کا سلسلہ رک گیا، پاکستانی کرنسی 1.48 روپے مہنگی


انٹربینک مارکیٹ میں مسلسل 2 روز سے امریکی ڈالر مہنگا ہونے کے بعد آج روپے کی قدر میں اضافے کا سلسلہ پھر بحال ہو گیا۔

اسٹیٹ بینک کے اعداد وشمار کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں روپے کی قدر 0.53 فیصد مستحکم ہوئی۔

انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے 48 پیسے سستا ہوا اور 278 روپے 81 پیسے پر بند ہوا جبکہ گزشتہ روز روپے کی قدر میں مسلسل دوسرے بھی تنزلی ہوئی تھی اور ڈالر 280 روپے 29 پیسے پر بند ہوا تھا۔

فوریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دن کے آغاز پر ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی کرنسی کی قدر میں 2 روپے 9 پیسے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ تقریباً 10 بج کر 7 منٹ پر 278 روپے 20 پیسے پر پہنچ گئی۔

خیال رہے کہ ستمبر میں روپے کی قدر میں 6 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا، جس کی وجہ غیر قانونی کرنسی مارکیٹ کے خلاف انتظامیہ کا کریک ڈاؤن تھا، نتیجتاً روپیہ بہترین کارکردگی دکھانے والی کرنسی بن گئی، اس کے بعد 17 اور 18 اکتوبر کو منفی رجحان دیکھا گیا۔

تجزیہ کاروں نے ڈالر کی قدر میں دوبارہ اضافے کے رجحان کو بینکنگ سیکٹر میں آنے والے دنوں میں غیر ملکی ادائیگیوں کے سبب زیادہ طلب سے منسوب کیا۔

دریں اثنا، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس بھی 0.99 فیصد یا 489 پوائنٹس اضافے کے 49 ہزار 920 پوائنٹس پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 49 ہزار 431 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

مشرق وسطیٰ میں جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں تنزلی کے سبب اور عالمی سطح پر ایکویٹی کی فروخت کے سبب گزشتہ روز کے انڈیکس میں کمی دیکھی گئی۔

کے الیکٹرک لمیٹڈ، پاکستان ریفائنری لمیٹڈ، ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ، ورلڈ کال ٹیلی کام لمیٹڈ، سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ اور پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ جیسے اسٹاکس میں بڑی ٹریڈنگ رپورٹ ہوئیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں