کراچی: ڈالر کے انٹربینک نرخ 220 روپے سے تجاوز کرگئے جبکہ اوپن نرخ 230 روپے کی سطح پر آگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کو نقد فنڈ کی فراہمی کے بجائے سرمایہ کاری میں دلچسپی اور زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کے باعث ڈالر کی پرواز جمعہ کو بھی جاری رہی۔
انٹربینک مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کے سبب کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر ڈالر کی قدر 221 روپے کی سطح پر بھی آگئی تھی تاہم اختتامی لمحات ڈیمانڈ قدرے گھٹنے سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 1.25 روپے کے اضافے سے 220.66 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 50 پیسے کے اضافے سے 230 روپے کی سطح پر بند ہوئی
ذرائع نے بتایا کہ بعض بینکوں کی جانب سے بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں کمی کی اطلاعات مارکیٹ میں زیرگردش ہیں جس سے خدشہ ہے کہ اگست میں ترسیلات زر مزید گھٹ جائیں گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اشیائے تعیش کی درآمدات پر عائد پابندی ختم ہونے کے بعد دوبارہ ان کی درآمدی لیٹر آف کریڈٹس کھولے جانے کے دباؤ سے ڈالر تگڑا اور روپیہ کمزور ہورہا ہے جبکہ سعودی عرب کی تیل کی پیداوار میں کمی سے خام تیل کی عالمی قیمت میں اضافے کے رجحان سے بھی روپیہ کمزور ہورہا ہے۔