چین نے جس طرح کورونا کا معاملہ ہینڈل کیا اس سے لگتا ہے وہ مجھے ہرانا چاہتا ہے: ٹرمپ


امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ چین نے جس طرح کورونا وبا کا معاملہ ہینڈل کیا اس سے لگتا ہے کہ وہ صدارتی الیکشن میں مجھے ہرانا چاہتا ہے۔

وائٹ ہاؤس میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا انگاروں کو بجھانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور کورونا کا خطرہ خود بخود ختم ہو جائے گا۔

کورونا کی ویکسین ہائیڈوکسی کلوروکوئن سے متعلق سوال پر امریکی صدر نے کہا کہ میں اس ویکسین پر انحصار نہیں کر رہا ، ہم ویکسین اور کورونا کا علاج کھوجنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ویکسین کے ساتھ یا اس کے بغیر بھی معیشت کو مکمل طور پر طور بحال کرنا چاہتا ہوں، معیشت کی مکمل بحالی کے لیے ہمیں اس وبا کے ختم ہونے تک انتظار کرنا پڑے گا اور یہ ختم ہو جائے گی۔

ویکسین کے بغیر وبا ختم ہونے سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ یہ جا رہی ہے، یہ رخصت ہونے والی ہے اور یہ ختم ہونے والی ہے، اسے مٹا دیا جائے گا۔

امریکی صدر نے آئندہ ہفتے سے امریکا کے دوروں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگلے ہفتے ایری زونا جاؤں گا، جلد ہی ریاست او ہائیو بھی جاؤں گا، ایری زونا کا سفر اقتصادی بحالی کی کوششوں پر مرکوز ہے اور یہ انتخابی مہم کی ریلی نہیں ہے۔

صدارتی الیکشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امید ہے مستقبل قریب میں بڑے پیمانے پر ریلیاں بھی نکالی جائیں گی، لوگ ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھے ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے 25 ہزار افراد پر مشتمل پرانی طرز کی ریلیاں نکالنے کے قابل ہوں گے، ریلیوں میں ہر شخص جا رہا ہو گا کیونکہ یہ ہمارے ملک سے محبت کرتے ہیں۔

چین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ چین مجھے دوبارہ صدارتی الیکشن جیتنے سے روکنا چاہتا ہے، چین نے جس طرح کورونا وبا کا معاملہ ہینڈل کیا اس سے لگتا ہے کہ وہ مجھے ہرانا چاہتا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ چین کی خواہش ہے ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن امریکی صدارتی الیکشن جیت جائیں تاکہ اس پر سے دباؤ کم ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ چین کے خلاف مختلف آپشنز پرغور کر رہا ہوں اور بہت کچھ کیا جا سکتا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں