بیجنگ: چین میں ڈسپلے اور ٹی وی بنانے والی مشہور کمپنی ٹی سی ایل نے اب ایک نیا فولڈیبل فون تیار کیا ہے۔ یہ فون تین تہوں میں سمٹ جاتا ہے اور کھلنے کے بعد 10 انچ ٹیبلٹ میں بدل جاتا ہے۔ اس کے بعض ماڈل کمپنی نے تجزیہ کار ویب سائٹ کو بھجوائے ہیں۔
کمپیوٹر اور الیکٹرانکس سےوابستہ ایک مشہور ویب سائٹ کی ایڈیٹر جیسیکا ڈولکورٹ نے ٹی سی ایل کا ٹرائی فولڈ فون استعمال کیا ہے اور اس کی ایک ویڈیو بھی بنائی ہے۔ دس انچ کا یہ ٹیبلٹ دیکھنے میں بہت بھلا دکھائی دیتا ہے۔ اس کا ایک سرا اندر کی جانب مڑتا ہے اور دوسرا اس کے اوپر آتا ہے اس طرح اسے ٹرائی فولڈ فون کہا گیا ہے۔
اگرچہ یہ تھوڑا لمبوترا ہے اور فولڈ ہونے کے بعد اس کی موٹائی اور بڑھ جاتی ہے لیکن اس طرح اس کا ایک سرا کی بورڈ میں بھی تبدیل ہوسکتا ہے۔ جبکہ بقیہ دو بڑے حصے اسکرین کی تشکیل کرتے ہیں۔ دنیا بھر میں فولڈ ہونے والے فون اور ٹیبلٹ کا بخار عروج پر ہے اور ٹی سی ایل نے اسی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنا نیا فون پیش کیا ہے۔
پچھلی طرف اس کا کیمرہ نصب ہے لیکن بقیہ تکنیکی تفصیلات مثلاً ریم، پروسیسر اور کیمرےکی تفصیلات بھی نہیں بتائی گئی ہیں۔ اس کی قیمت کے متعلق بھی کوئی معلومات نہیں مل سکی ہے۔ اس سے قبل ٹی سی ایل کمپنی فولڈیبل اور لچکدار اوایل ای ڈی سے بنے ڈسپلے پیش کرکے دنیا کو حیران کرچکی ہے۔
اسی بنا پر کہا جاسکتا ہے کہ چین کی اس کمپنی نے فولڈ ہونے والا موبائل فون تیار کرلیا ہے جسےشاید اگلے سال فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔