ایڈیشنل اٹارنی جنرل چوہدری عامر رحمان نے کہا کہ چیف جسٹس نے صحافیوں سے گفتگو میں سنگین غداری کیس کے فیصلے سے قبل مشرف کو سزا کی حمایت کی۔
چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے اعزاز میں ہونے والے فل کورٹ ریفرنس سے خطاب میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل چوہدری عامر رحمان نے کہا کہ خصوصی عدالت کے حالیہ فیصلے میں چیف جسٹس پاکستان کے وضع کردہ قانونی اصول مدنظر نہیں رکھے گئے۔
انہوں نے کہا کہ جسٹس وقار احمد سیٹھ کا فیصلہ تعصب اور بدلےکا اظہار ہے، سزا پر عملدرآمد کا طریقہ وحشیانہ، غیر قانونی اور غیر انسانی ہے، فیصلہ کرمنل جسٹس سسٹم کی روایات سے بھی متصادم ہے۔
ن کا مزید کہنا تھا جسٹس وقار احمد سیٹھ کا کنڈکٹ اعلیٰ عدلیہ کے جج کے کنڈکٹ کے منافی ہے۔
چوہدری اعجاز رحمان نے کہا کہ وہ بوجھل دل سےکہتے ہیں کہ جسٹس کھوسہ نے صحافیوں سے گفتگو میں خصوصی عدالت کے فیصلے کی اس وقت حمایت کی جب تفصیلی فیصلہ آنا باقی تھا۔
خیال رہے کہ پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس میں چند روز قبل چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ کے حوالے سے میڈیا پر خبر چلی تھی جس کی سپریم کورٹ نے بعدازاں وضاحت بھی جاری کر دی تھی۔